Kifayat Hussain Bhatti Urf Kaifi

Kifayat Hussain Bhatti Urf Kaifi

کفایت حسین بھٹی المعروف کیفی

پنجابی فلموں کے معروف اداکار و ہدایت کار

پیر 13 مارچ 2023

وقار اشرف
پنجابی فلموں کے معروف اداکار و ہدایت کار کفایت حسین بھٹی المعروف کیفی کو مداحوں سے بچھڑے 14 برس بیت گئے۔وہ 13 مارچ 2009ء کو اپنی سالگرہ کے روز خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔وہ گلوکار و اداکار عنایت حسین بھٹی کے چھوٹے بھائی تھے۔کیفی نے 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور 30 کے لگ بھگ فلموں کی ڈائریکشن کی۔
ان کی یادگار فلموں میں منہ زور،چن مکھناں،سجن پیارا،جند جان،عشق دیوانہ،ظلم دا بدلہ،جی او جٹا،سچا سودا،کوچوان،دنیا مطلب دی،طاقت،سجن بیلی،قادرا،پیار دے پلیکھے،بازی جت لئی،پتر ہٹاں تے نئی وکدے،کون دلاں دیاں جانے،دل نال سجن دے،سجن دشمن،اِک دھی پنجاب دی،غیرت دا پرچھاواں،جیب کترا،چیلنج،دھرتی دے لعل،بڈھا شیر،ہسدے آؤ ہسدے جاؤ،غیرت جو سوال،بکھرے موتی،الٹی میٹم،جگا گجر،ڈنکے دی چوٹ،شہ زور،مفرور،روٹی کپڑا اور مکان،صدقے تیری موت توں،ہمت،کون شریف کون بدمعاش،ارادہ،راجو راکٹ،اعلان،دنگل،وقت دا بدمعاش،آرڈر،دہشت،بدمعاشی بند،وڈا تھانیدار،لہو دے رشتے،جی دار،جی او شیرا،اتھرا تے جی دار،مولا جٹ ان لندن،اِک ضدی ویر،آخری دشمن،طاقت،بالا گڈی،شاہ بہرام،دشمنی جٹ دی اور حق سچ نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)


بطور ہیرو ان کی آخری فلم ”میری ہتھ جوڑی“ 1989ء میں ریلیز ہوئی تھی۔کیفی نے اپنے بھائی عنایت حسین بھٹی کے ساتھ اپنے فلم ساز ادارے بھٹی پکچرز کے بینر تلے کئی سپر ہٹ پنجابی فلمیں پروڈیوس کیں۔1964ء میں عنایت حسین بھٹی نے فلم ”وارث شاہ“ پروڈیوس کی جس کے چار برس بعد فلم ”سجن پیارا“ پروڈیوس کی تو اس میں رانی اور سلونی کے ساتھ اپنے بھائی کیفی کو بھی کاسٹ کیا۔
یہ پنجابی فلموں میں سخت مقابلے کا دور تھا۔عنایت حسین بھٹی نے چھوٹے بھائی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے فلم ”سجن پیارا“ کی ہدایتکاری ان کے سپرد کر دی۔فلم ریلیز ہوئی تو سپر ہٹ ٹھہری جس نے کیفی کے لئے نہ صرف بطور اداکار بلکہ ہدایتکار بھی راستے کھول دیئے۔70ء کی دہائی میں بھٹی پروڈکشن کے بینر تلے 48 فلمیں پروڈیوس ہوئیں جن میں کیفی نے اداکاری اور ہدایتکاری کے جوہر دکھائے۔
یہ کیفی کی زندگی کا سنہری دور تھا،اسی زمانے میں انہوں نے اداکارہ چکوری سے شادی کی جو علیحدگی پر منتج ہوئی دوسری شادی اداکارہ غزالہ سے کی جو ان کے ساتھ کئی فلموں میں اداکاری کر چکی تھیں اور ان کی ڈائریکشن میں کام بھی کیا تھا۔ان دس سالوں میں ہی انہوں نے فلم ”وحشی“ بھی پروڈیوس کی جو بھٹی برادران کے فلمی کیریئر کی واحد اردو فلم تھی۔فلم ”ظلم دا بدلہ“ بھی اسی دوران ریلیز ہوئی اور سپر ہٹ ثابت ہوئی۔اس دور میں سلطان راہی کے بغیر فلم کا تصور نہیں تھا لیکن بھٹی برادران نے سلطان راہی کا سہارا لئے بغیر عوام کو متبادل ٹیم کے ذریعے تفریح مہیا کی۔

Browse More Articles of Lollywood