عاطف اسلم کراچی میں غیر ملکی گلوکاروں کیساتھ پرفارم کریں گے

پیر 24 اپریل 2017 13:10

عاطف اسلم کراچی میں غیر ملکی گلوکاروں کیساتھ پرفارم کریں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2017ء) پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم 28اپریل کو کراچی میں غیر ملکی گلوکاروں کے ساتھ پرفارم کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق28 اپریل کو کراچی کے ایدھی اسٹیڈیم میں ایک کنسرٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم سمیت دیگر غیر ملکی گلوکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز کنسرٹ کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی اور غیر ملکی گلوکاروں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں شریک غیر ملکی گلوکاروں کا کہنا تھا کہ انھیں پاکستان آکر عدم تحفظ کا بالکل بھی احساس نہیں ہوا، یہاں کی عوام زندہ دل اور محبت کر نے والی ہے جس کے باعث وہ خود کو یہاں بہت محفوظ تصور کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے سے پہلے ہم نے پاکستانی کھانوں کی بہت تعریف سنی تھی جس کا حقیقی انداز ہ ہمیں یہاں آکر ہوا ہے۔

ہم یہاں کے روایتی کھانوں سے لطف اٹھا رہے ہیں۔ رومانیہ سے آئی گلوکارہ روزا لینا نے بتایا کہ میں اس سے پہلے بھی یہاں آچکی ہوں مجھے چکن کڑاہی بہت پسند ہے جبکہ ان کی ساتھی گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں چائے بہت اچھی لگتی ہے ، چائے میری ساری تھکن اتار دیتی ہے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر غیر ملکی گلوکاروں نے دل دل پاکستان کا نغمہ گا کر پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار بھی کیا۔
وقت اشاعت : 24/04/2017 - 13:10:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :