اداکار منور ظریف کی 41ویں برسی ہفتہ کو منائی جائے گی

بدھ 26 اپریل 2017 14:09

اداکار منور ظریف کی 41ویں برسی ہفتہ کو منائی جائے گی
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) 36سال کی عمر میں داغ مفارقت دینے والے فلم انڈسٹری کے نامور مزاحیہ اداکار منور ظریف کی 41ویں برسی 29اپریل بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ منور ظریف جن کا انتقال 29 اپریل 1976 ء کو ہوا تھا کی برسی کے موقع پر ان کے مداح قرآن خوانی اور اجتماعی دعاؤں کی تقریبات منعقد کریں گے جبکہ ان کی قبر پر پھول بھی چڑھائے جائیں گے۔

منور ظریف 2 فروری 1940ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے وہ معروف کامیڈین ظریف کے بھائی تھے۔ انہوں نے اپنے 16 سالہ فلمی کیرئیر میں 300سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ان کی مشہور فلموں میں بنارسی ٹھگ ، جیرا بلیڈ، موج میلہ، سوکن میلے دی ، منجی کتھے ڈاوا ں، دامن اور چنگاری، چکر باز ، ہمراہی ، بد تمیز ، نوکر و و ہٹی دا وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جس وقت انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو یہ روایت تھی کہ کامیڈین جوڑی کی صورت میں فلموں میں جلوہ افروز ہوتے تھے اس وقت مرزا اشرف اور یعقوب ، چارلی اور غوری کی جوڑی بہت مقبول تھی۔ انہوں نے رنگیلا کے ساتھ جوڑی بنائی اور پرستاروں کے دلوں میں گھر کر لیا۔ ر نگیلا اور منور ظریف کی جوڑی فلموں میں کامیابی کی ضمانت بن گئی انہیں کامیڈین ہیروکا خطاب بھی ملا۔

ان سے پہلے ہیرو سنجیدہ کرداروں میں کاسٹ کیا جاتا تھا مگر انہوں نے اس روایت کو توڑا ۔ انہوں نے کامیڈی ہیرو کاا چھوتا تصور پیش کیا ۔ منور ظریف نے 36سال عمر پائی اور 29اپریل 1976ء کو لاہور میں انتقال پا گئے۔ منور ظریف جیسے فنکار کبھی مرا نہیں کرتے یہی وجہ ہے کہ 41 برس گزر جانے کے باوجود آج بھی وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
وقت اشاعت : 26/04/2017 - 14:09:48