پہلا اے آر وائی فلم فیسٹیول اپنی تمام تر رعنائیوں کیساتھ اختتام پذیر

میڈیا اور فلم انڈسٹری سے وابستہ ستاروں اور ماہرین کی بڑی تعداد میں شرکت نے چارچاند لگادیئے

پیر 8 مئی 2017 18:50

پہلا اے آر وائی فلم فیسٹیول اپنی تمام تر رعنائیوں کیساتھ اختتام پذیر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2017ء) اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے زیر اہتمام سجایا گیا پہلا تین روزہ فلم فیسٹیول اپنی تمام تر رعنائیوں کیساتھ 7مئی کو ختتام پذیر ہوگیا، تین روزہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب کو ہر دلعزیز فیصل قریشی اور خوبصورت اداکارہ مدیحہ امام نے چار چاند لگادیئے ۔اس پررونق تقریب میں میڈیا اور فلم انڈسٹری کے معروف ستاروں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی، اس موقع پر صنم ماروی، حمزہ قوال اور شیما کرمانی کی شاندار پرفارمنس نے عوام کے دل موہ لیے۔

تین روزہ فیسٹیول میںدنیا بھر سے نامزد400میں سے منتخب کی گئی 33فلموںکی نمائش کی گئی ، جبکہ ججز میں انور مقصود، خلیل نینی تال والا، شرمین عبید چنائے، مریلائن اگریلو، رام کشور پراچی، جوہن گن، اینڈی میرکین ، جیک مکڈونلڈ اور آمنہ خان سمیت مقامی اور بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ فلم میکرز اور رائٹرز اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ تین روزہ فلم فیسٹیول میں ماہین ضیاء کی بین الاقوامی سطح پر مایہ ناز ، لیاری نوٹس ، Brave Heart: The Lizzie Velazquez Story,، انجم شہزاد کی "ماہ میر"جبکہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کی "سانگ آف لاہور"کی بھی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

بیسٹ اسٹوری برائے فیچر فلم کا ایوارڈ "چورا ایک پراٹھا، اور بیسٹ مختصر فلم (سلور کیٹگری) کے لیے امریتا اینڈ آئی کا انتخاب کیا گیا،یاد رہے کہ مذکورہ دونوں فلموں کی نمائش کا اہتمام دہلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی جانب سے کیا گیا تھا، اس موقع پر بیسٹ شارٹ ڈاکومینٹری کے لیے سراج الصالقین نے "ماسٹر آف دی اسکائی"کے عوض حاصل کیا، بیسٹ ڈائریکٹر فار شارٹ فلم کا ایوارڈ (گولڈ کیٹگری) کے لیے علی اعجاز نے "ان سرچ آف امریکا"کے اعتراف میں حاصل کیا۔

بیسٹ ایکٹر فار (شارٹ فلم) کا ایوارڈ "دل تو بچہ ہی"کے لیے سید فضل حسین نے حاصل کیا، بیسٹ ڈاکومینٹری فیچرایوارڈ(ریڈ کیٹگری) -"K2 & The Invisible Footmen"اور ماہین ضیاء کی "لیاری نوٹس "کو دیا گیا ، (پرپل کیٹگری) ڈاکومینٹری فیچر ایوارڈ کے لیے شرمین عبید چنائے کی"سانگ آف لاہور"کو چنا گیا، جبکہ بیسٹ فیچر فلم کا اعزاز انجم شہزاد کی "ماہ میر"کے حصے میں آیا۔

اس موقع پر اے آئی وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور فائونڈر سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ اے آر وائی فلمز کے قیام کا مقصد ہی پاکستانی فلمی صنعت کو فروغ دینا ہے، ان کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے، ان کا کہنا تھا کہ اے آر وائی فلمز نے اس فیسٹیول کا انعقاد کرکے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے جید فلم سازوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جس کے ذریعے وہ اپنی شاندار تخلیق سے نہ صرف مایہ ناز فلم سازوں کو محضوض کرسکیں گے بلکہ ان سے اپنے فن کی داد و تحسین بھی وصول کرسکتے ہیں اور ان کے اعتراف کی سند بھی، انھوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارا پہلا قدم ہے، امید کرتے ہیں کہ اسے آئندہ آنے والے سالوں میں بہترین انداز سے پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اے آر وائی فلمز کے تحت جاری رہنے والے اس تین روزہ فلم فیسٹیول کو اٹالیانو اور روح افزاء کے تعاون سے سینی پیکس سینما اوشین مال میں انعقاد کیا گیا ۔
وقت اشاعت : 08/05/2017 - 18:50:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :