عمر شریف کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں ‘ بہن کی وضاحت

سینے کا معمولی انفیکشن ہوا تھا اور کچھ بھی نہیں، ایک یا دو دن میں گھر واپس آجائیں گے

جمعرات 11 مئی 2017 23:00

عمر شریف کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں ‘ بہن کی وضاحت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2017ء) پاکستان کے نامور کامیڈین عمر شریف کی بہن خدیجہ محمود نے وضاحت کی کہ ان کے بھائی کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں ہیں،عمر شریف کو سینے کا معمولی انفیکشن ہوا تھا اور کچھ بھی نہیں، شکر ہے کہ وہ ٹھیک ہورہے ہیں اور ایک یا دو دن میں گھر واپس آجائیں گے۔خدیجہ محمود نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر مایوسی کا بھی اظہار کیا کہ ان کے بھائی کی بیماری کو غلط انداز دے کر سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں لوگوں سے درخواست کروں گی کہ اس خبر کو زیادہ بڑھا چڑھا کر نہ پیش کریں، دوسری بات یہ کہ یہ بھی جرم ہے کہ ہسپتال میں موجود نرس اور ڈاکٹرز تصاویر لے کر انہیں وائرل کردیتے ہیں، ہسپتال انتظامیہ کو اس ہرکت پر ایکشن لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں اداکارہ نائلہ جعفری کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ان کی بیماری کے حوالے سے بھی خبر آئی تھی کہ ادااکارہ کینسر کی آخری اسٹیج میں ہیں اور انہیں خون کی ضرورت ہے، تاہم لیاقت نیشنل ہسپتال نے اس خبر کو بے بنیاد ٹھراتے ہوئے کہا تھا کہ نہ تو وہ کینسر کی آخری اسٹیج میں ہیں اور نہ ہی انہیں خون کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب عمر شریف کی بہن نے شائقین سے گزارش کی ہے کہ وہ کامیڈین کی صحت کے لیے دعا کریں اور پریشان نہ ہوں، عمر شریف جلد دوبارہ مداحوں کے درمیان واپسی کریں گے۔
وقت اشاعت : 11/05/2017 - 23:00:31

Rlated Stars :