تامل ناڈوکے 8اداکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ان اداکاروں کی جانب سے صرف آرٹیکل لکھنے والے صحافی نہیں بلکہ تمام صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا ‘صحافی کی درخواست

بدھ 24 مئی 2017 12:38

تامل ناڈوکے 8اداکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء)بھارتی ریاست تامل ناڈو کی ایک عدالت نے ہتک عزت کیس میں پیش نہ ہونے پر 8 تامل اداکاروں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 2009 میں سائوتھ انڈین اداکاروں کی تنظیم نے ایک پریس کانفرنس میں مقامی اخبار میں چھپے ایک آرٹیکل کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس پر ایک صحافی نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر اوٹے کی عدالت میں 8 تامل اداکاروں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان اداکاروں کی جانب سے صرف آرٹیکل لکھنے والے صحافی نہیں بلکہ تمام صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

2011 میں عدالت نے آٹھوں اداکاروں سوریا، ستھیا راج، سراتھ کمار، سری پریا، وجے کمار، ارون وجے، وویک اور چرن کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ، اداکاروں نے مدراس ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس میں انہوں نے اوٹے کی عدالت میں پیش ہونے سے استثنیٰ مانگا تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔ چند روز قبل کیس کی سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔
وقت اشاعت : 24/05/2017 - 12:38:44