پاکستانی کرکٹ شائقین نے بھارتی اداکار رشی کپور کو آئینہ دکھا دیا

جمعرات 15 جون 2017 18:37

پاکستانی کرکٹ شائقین نے بھارتی اداکار رشی کپور کو آئینہ دکھا دیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2017ء) پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے پر رشی کپور کی طنزیہ ٹویٹ نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا تاہم پاکستانی شائقین نے انہیں جواب دیتے ہوئے آئینہ دکھا دیا۔پاکستانی ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے، تاہم پاکستان کی جیت بھارتیوں کو ہضم نہیں ہو رہی، دیگر شخصیات کے ساتھ بالی ووڈ اداکار رشی کپور بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو پاکستان کی جیت سے خوش نظر نہیں آتے۔

رشی کپورسوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور اپنے بے باک موقف کے باعث اکثر تنازعات کا شکار ہو جاتے ہیں، انہوں نے پاکستان کی جیت کا کچھ زیادہ ہی اثر لے لیا اور ٹویٹ میں پہلے تو پاکستان کو فائنل میں پہنچنے کی مبارک باد دی اورپھرکہا اب پاکستان بھارت سے ہارنے کیلئے تیار رہے۔

(جاری ہے)

ان کے اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا اور کرکٹ شائقین نے انہیں جواب دیتے ہوئے کھری کھری سنا دیں۔

ایک صارف نے انہیں آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ پہلے ہمارے ساتھ کھیلنے کیلئے کوالیفائی تو کر لیں پھر بات کریں گے، کہیں انگلستان والا حال نہ ہوجائے آپ کا بھی۔جبکہ ایک اور صارف نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ رشی کپور کے اس ٹویٹ کو کوئی اہمیت نہیں دینی چاہیئے۔ایک صارف نے ان کے اس ٹویٹ کے جواب میں صرف کہا مبارک ہو پاکستان، جبکہ ایک اور صارف نے کہا رشی سر آپ کا شکریہ 18 تاریخ کو جو بھی ہوگا امید ہے آپ اسے یاد رکھیں گے۔پاکستانی شائقین کی جانب سے جواب دینے پر رشی کپور نے مزید لکھا کہ کرکٹ میں سب کچھ جائز ہے آپ کو اپنی ٹیم سے پیار ہے ہمیں ہماری، دیکھتے ہیں کون جیتتا ہے۔
وقت اشاعت : 15/06/2017 - 18:37:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :