معروف گلوکار حامد علی بیلا کی 16ویں برسی 27جون کو منائی جائے گی

جمعہ 23 جون 2017 12:55

معروف گلوکار حامد علی بیلا کی 16ویں برسی 27جون کو منائی جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) معروف گلوکار حامد علی بیلا کی 16ویں برسی 27جون بروز منگل کو منائی جائے گی ۔ صوفیانہ کلام اور لوک گائیکی میں حامد علی بیلا کا نام ان بڑے فنکاروں میں شامل ہے جنہوں نے پنجاب کی دھرتی سے پھوٹتی محبتوں کواپنی میٹھی سریلی آواز کے ذریعے ہر دل تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

ایک تو دلوں میں اتر جانے والا صوفیانہ کلام ،اوپر سے حامد علی بیلا کی روح کے تار چھیڑ دینے والی میٹھی سریلی آواز،درویش صفت گلوکار کچھ اس طرح ڈوب کر کافیاں ، غزلیں اور گیت گاتا کہ سننے والوں پر سحر طاری ہو جاتا ۔

مادھو لال حسین کا کلام تو حامد علی بیلا کی پہچان بن گیا۔پٹیالہ گھرانے کی یہ آواز سب سے پہلے ریڈیو پاکستان سے گونجی اور پھر شاہ حسین ، غلام فرید اور محمد بخش کی کافیاں گاتے گاتییہ فقیرمنش فنکار،فن اور شہرت کی بلندیاں پاتا گیا۔مسحور کن لوک اور صوفیانہ گائیکی کی بدولت پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈ پائے مگر تنگ دستی مقدر بنی رہی۔اندرون لاہور ایک کمرے کے مکان میں عمر گزار دینے والا یہ عظیم فنکار اسی کسمپرسی میں 27جون 2001ء کو اس جہان فانی سے منہ موڑ گیا۔
وقت اشاعت : 23/06/2017 - 12:55:57