پاکستان میں لوگوں کو فلم’’ موم‘‘ بیحد پسند آئی،عدنان صدیقی

فلم’’موم‘‘ سری دیوی نے سجل علی کی سوتیلی ماں کا کردار اور عدنان صدیقی سجل علی کے والدکے طور پر نظر آئے

منگل 18 جولائی 2017 12:02

پاکستان میں لوگوں کو فلم’’ موم‘‘ بیحد پسند آئی،عدنان صدیقی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2017ء) عدنان صدیقی کا شمار پاکستان کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے بولی وڈ میں فلم 'موم' کے ساتھ رواں سال ڈیبیو کیا، جس میں ان کی بہترین اداکاری نے ہندوستانی شائقین کو بھی کافی متاثر کیا ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں عدنان صدیقی نے فلم ’’موم‘‘ کو ملنے والے ردعمل اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کے تعلق پر بات کی۔

عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ اچھا کام ہر جگہ پسند کیا جاتا ہے، پاکستان میں لوگوں کو فلم’’ موم‘‘ بیحد پسند آئی اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ یہاں کے فنکاروں نے ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کیا۔تاہم جس طرح ماہرہ خان اور فواد خان اپنی فلمز ’’رئیس‘‘ اور’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی ہندوستان میں تشہیر نہیں کرپائے تھے، اس ہی طرح عدنان صدیقی اور سجل علی بھی وہاں جاکر اپنی فلم 'موم' کی تشہیر کا حصہ نہیں بن پائے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے دکھ تو ہوتا ہے جب آپ کسی ایسے پروجیکٹ کی پروموشن نہ کرپائے جس کو بنانے میں آپ نے اتنے دن لگادیے ہوں، لیکن اس بات سے بھی سکون ملا کے فلم کی پروموشن صحیح لوگوں نے صحیح انداز میں کی، جیسے سری دیوی، نوازالدین صدیقی اور اکشے کھنہ نے سب کچھ بہترین انداز میں کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے فنکار اس صورتحال سے کافی متاثر ہوئے، دونوں ممالک کی سیاست کسی بھی رٴْخ جائے لیکن ان کی عوام ایک دوسرے کی عزت کرتی ہے، جب یہ سینما میں ٹکٹ خریدنے جاتے تو پاسپورٹ نہیں دیکھا جاتا فلم دیکھی جاتی ہے۔

عدنان صدیقی کا ماننا ہے کہ فن ہندوستان اور پاکستان میں امن لانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لوگ کتنی بھی کوشش کرلیں، لیکن ہماری ثقافت ہمیں ایک دوسرے کے اور قریب لاتی ہے، ہم رنگ و نسل کے بجائے تاریخ شیئر کرتے ہیں، بہت جلد ہم دوبارہ ایک دوسرے کے فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، مجھے امید ہے کہ آرٹ میں امن موجود ہے جسے ہم تلاش کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ فلم’’موم‘‘ کی کہانی ایک ماں اور سوتیلی بیٹی کے درمیان کے تعلق پر مبنی تھے، جس میں سری دیوی نے سجل علی کی سوتیلی ماں کا کردار ادا کیا تھا۔فلم میں عدنان صدیقی سجل علی کے والد کے طور پر نظر آئے تھے۔
وقت اشاعت : 18/07/2017 - 12:02:00

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :