بھارتی اداکارہ مدھوبالا کا مجسمہ بھی مادام تساؤ میوزیم کا حصہ

مدھوبالا کے مجسمے کو بھارتی سینما کی کامیاب فلم ’مغل اعظم‘ میں ان کے شاندار کردار ’انارکلی‘ کا روپ دیا جائے گا

منگل 25 جولائی 2017 20:27

بھارتی اداکارہ مدھوبالا کا مجسمہ بھی مادام تساؤ میوزیم کا حصہ
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2017ء) اپنے وقت کی کامیاب بھارتی اداکارہ مدھوبالا کا مجسمہ بھی مادام تساؤ میوزیم کا حصہ بننے جارہا ہے۔ مدھوبالا کے مجسمے کو بھارتی سینما کی کامیاب فلم ’مغل اعظم‘ میں ان کے شاندار کردار ’انارکلی‘ کا روپ دیا جائے گا جس کا افتتاح دہلی کے مادام تساؤ میوزیم میں رواں سال ہوگا۔خیال رہے کہ ’مغل اعظم‘ کے علاوہ مدھو بالا ’چلتی کا نام گاڑی‘، ’مسٹر اینڈ مسسز 55‘، ’کالا پانی‘ اور ’ہواڑہ برج‘ نامی کامیاب فلموں میں بہترین اداکاری کرچکی ہیں۔

دہلی میں موجود مادام تساؤ میوزیم کے ڈائیریکٹر انشل جین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ مدھو بالا کا مومی مجسمہ اس میوزیم میں رکھا جائے گا، وہ لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرچکی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ان کی خوبصورتی مداحوں کو یہاں ضرور لائے گی تاکہ وہ اداکارہ کے مجسمے کے ساتھ سیلفی بنوا سکیں‘۔

(جاری ہے)

مدھو بالا کو بین الاقوامی سطح پر اس وقت پہچانا گیا جب وہ 1952 میں ایک امریکی میگزین پر ان کی تصویر شائع ہوئی۔

اداکارہ کا انتقال طویل علالت کے بعد 1969 میں 36 سال کی عمر میں ہوا تھا اور اب ان کے اعزاز میں یہ مومی مجسمہ تیار کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ دہلی میں مادام تساؤ میوزیم کا آغاز رواں ماہ ہی کیا گیا، یہ ہندوستان میں پہلا جبکہ دنیا بھر میں یہ 23واں مادام تساؤ میوزیم ہے۔اس میوزیم میں اب تک اداکاروں میں صرف امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کا مجسمہ رکھا گیا ہے جبکہ گلوکارہ عاشہ بھوسلے اور شریا گھوشال کا مجسمہ بھی یہاں موجود ہے۔مادام تساؤ میوزیم کی بنیاد 1835 میں لندن میں رکھی گئی تھی۔۔
وقت اشاعت : 25/07/2017 - 20:27:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :