علم کی تلاش ، جستجو ، مثبت سوچ اور جنون کے بغیرکامیابی کا سفر ممکن نہیں، گلوکارہ عابدہ پروین

ملک حسین مبشر کی کامیابی صوفی ازم اور روحانیت سے لگاؤ کی آئینہ دار ہے ،اُن کی زندگی اور جہدو جہد آنیوالی نسلوں کے لئے نمونہ عمل ہے ، تقریب سے خطاب

جمعہ 11 اگست 2017 19:29

علم کی تلاش ، جستجو ، مثبت سوچ اور جنون کے بغیرکامیابی کا سفر ممکن نہیں، گلوکارہ عابدہ پروین
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء)علم کی تلاش ، جستجو ، مثبت سوچ اور جنون کے بغیرکامیابی کا سفر ممکن نہیں ۔صوفی ازم شدت علم کا نام ہے ،روحانیت اور صوفی ازم کو اپنی زندگی کا مرکز ومحور بنانے والوں کے لیے منزل کا حصول سہل اور آسان ہو جاتا ہے ۔ملک حسین مبشر کی کامیابی صوفی ازم اور روحانیت سے لگاؤ کی آئینہ دار ہے ،اُن کی زندگی اور جہدو جہد آنے والی نسلوں کے لئے نمونہ عمل ہے ۔

ان خیالات کا اظہارصوفیانہ کلام کی نامور گلوکارہ عابدہ پروین نے پروفیسرڈاکٹر ملک حسین مبشر کی سوانح حیات ’’م بشر‘‘کی فاطمہ جناح آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے، چیئرمین ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الٰہی ، سیاسی و سماجی رہنماء ڈاکٹر جمال ناصر ،ایئر مارشل (ر) سید نجم الحسن ،سابق آئی جی پنجاب اسرار احمد،ڈاکٹر فرید منہاس سربراہ شعبہ نفسیات بی بی ایچ،ڈاکٹر خالد بلند، صحافی عائشہ مسعود ملک ، ڈاکٹر امجدبخاری، محترمہ شمیم ہمایوں ، چیئرمین ایچ ای سی پنجاب ڈاکٹر نظام الدین ، اداکار نورالحسن، مصنف و صحافی طاہر مغل، ڈاکٹر ملک حسین مبشر کی صاحبزادیوں صائمہ کریم اور ڈاکٹر مریم ہاشم مبشرو دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز تصور زمان بابر نے تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے کیا۔ فہیم بنگش نے کلام باہوسنایا جبکہ زبیر صدیقی نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے ۔ چیئرمین ر یڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الہی ٰ نے کہا کہ ملک حسین مبشرایک بے مثل اُستاد اور ایک مسیحاکی صورت اپنے شاگردوں کی تربیت اور رہنمائی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں ،آپ کی ہمہ جہت اور سحر انگیز شخصیت پہلی ہی ملاقات میں انسان کو اپنے حصار میں کھینچ لیتی ہے ۔

آپ اس قدر شفقت ، محبت اور لگن سے اپنے شاگردوں کو پڑھاتے ہیں کہ طلبہ میں آگے بڑھنے کی امنگ پیدا ہوتی ہے ۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر ملک حسین مبشر کی کتاب اُن کے تجربات و احساسات کا نچوڑ ہے ،انہوں نے اپنی کتاب میں نوجوان نسل کو کامیاب زندگی کے لیے ایک پیغام دیا ہے ۔ اُن کی یہ کتاب اُن کی علم دوستی اور اپنے شاگردوں سے شفقت اورمحبت کی عکاس ہے ۔

ملک حسین مبشرنے اپنے خطاب میں اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اُن کے ہونہار شاگردوں نے اُن کی تعلیمات سے استفادہ کیا اور عملی زندگی میں کامیابیاں حاصل کیں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اپنے شاگردوں کو علم سے روشناس کرانا اور انہیں ایک اچھا اور کامل انسان بنانا ہی پروفیسر حسین مبشر صاحب کا مقصدِ حیات ہے ۔ہماری کامیابیاں بھی آپ کی علم و انسان دوستی کی مرہون منت ہیں ، میڈیکل کے شعبے میںآپ کی خدمات کا احاطہ کرنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے ۔

اُن کی کتاب آنے والی نسلوں کے لیے ایک تحفہ ہے جو انہیں عملی زندگی میں رہنمائی فراہم کرے گی ۔ اُن کے تجربات نوجوان ڈاکٹرز کیلئے مینارہ ء نور کی حیثیت رکھتے ہیں۔ راولپنڈی میں میڈیکل کی تاریخ میں آپ جیسا مسیحا اور علم دوست انسان پیدا نہیں ہوگا، راولپنڈی میڈیکل کالج کے شعبہ نفسیات کو جدید سہولیات و ضروریات کے ساتھ وسعت دینا بھی انہی کا کارنامہ ہے ۔آپ کی خدمات تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی ۔
وقت اشاعت : 11/08/2017 - 19:29:11