ادیتی راؤ حیدری مرد و خواتین اداکاروں میں فرق پربول پڑیں

کوئی شک نہیں ایک مرد اداکارایک نوجوان اداکارہ کا معاوضہ ایک جیسا نہیں ، تاہم کسی بھی اداکارہ کو اپنے ساتھی مرد اداکار کے یکساں معاوضہ ملنا چاہیے‘، ادیتی رائو

منگل 19 ستمبر 2017 23:26

ادیتی راؤ حیدری مرد و خواتین اداکاروں میں فرق پربول پڑیں
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2017ء) بولی وڈ کی آنے والی فلم ’بھومی‘ ریلیز کے لیے تیار ہے، اور مرکزی کاسٹ ان دنوں فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔فلم کی کہانی ایک والد کی جانب سے اپنی بیٹی کے حقوق اور محبت کے لیے لڑی جانے والی جنگ کے ارد گرد گھومتی ہے، یا یوں کہیے کہ فلم کی کہانی خواتین کے حقوق پر مبنی ہے۔اس فلم کو رواں برس ریلیز ہونے والی 2 بولی وڈ فلموں روینہ ٹنڈن کی ’ماتر‘ اور سری دیوی کی ’موم‘ کے بعد بیٹیوں کے حقوق کے لیے سب سے بہترین فلم قرار دیا جا رہا ہے، اور فلمی ناقدین کا خیال ہے کہ ’بھومی‘ زیادہ کامیاب فلم ثابت ہوگی۔

’بھومی‘ میں 30 سالہ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری مرکزی کردار میں سنجے دت کی بیٹی کے روپ میں نظر آئینگی۔فلم کی تشہیر کے دوران ممبئی مرر سے بات چیت کے دوران اداکارہ نے جہاں فلم اور اپنے کیریئر سے متعلق باتیں کیں، وہیں انہوں نے کئی سماجی اور اہم مسائل پر بھی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

ادیتی راؤ حیدری نے بولی وڈ میں مرد اور خواتین اداکاراؤں کے معاوضوں میں فرق کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس فرق کو ختم کرنے کے لیے مرد اداکاروں کی جانب سے بات کرنا ضروری ہے‘۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ ’ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک سینیئر مرد اداکار اور ایک نوجوان اداکارہ کا معاوضہ ایک جیسا نہیں ہوسکتا، تاہم کسی بھی اداکارہ کو اپنے ساتھی مرد اداکار کے یکساں معاوضہ ملنا چاہیے‘۔ادیتی راؤ حیدری کے مطابق ’ معاوضے میں فرق پر خواتین بات کرتی رہتی ہیں، تاہم اس معاملے کو حل کرنے کے لیے مرد اداکاروں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، اور مرد پروڈیوسرز، اداکاروں اور ہدایت کاروں کو اس موضوع پر بات کرکے اس فرق کو ختم کرنے میں کردار کرنا چاہیے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’انہیں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ خواتین کے مقابلے مرد اداکاروں کو زیادہ معاوضہ کیوں دیا جاتا ہے، صرف اس لیے کہ وہ مرد ہے’ ۔
وقت اشاعت : 19/09/2017 - 23:26:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :