اداکارہ نور بخاری کی چوتھی شادی بھی ناکام ، ولی حامد خان سے خلع لے لی

بدھ 20 ستمبر 2017 17:29

اداکارہ نور بخاری کی چوتھی شادی بھی ناکام ، ولی حامد خان سے خلع لے لی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) نامور پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے اپنے شوہر ولی حامد خان سے خلع لے لی۔اداکارہ نور بخاری نے اپنے شوہرولی حامد سے لاہور کی مقامی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کر رکھی تھی ، گزشتہ سماعت میں عدالت نے دونوں فریقین کو صلح کے لیے موقع دیتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ شاید فریقین ایک ساتھ رہنے پر رضامند ہوجائیں ۔

جس کے بعد کیس کی سماعت 20 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔تاہم گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں نور بخاری نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں جس کے بعد عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ نور کو خلع کی ڈگری جاری کردی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نور بخاری نے گزشتہ سماعت پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ا ور ان کے شوہر کے درمیان معاملات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ واپسی کا کوئی امکان نہیں دوسری جانب نور کے شوہر ولی حامد خان خلع کے حق میں نہیں تھے اور وہ اپنی بیوی کے ساتھ تعلقات دوبارہ استوار کرناچاہتے تھے۔

نور کی یہ چوتھی شادی تھی جس کا اعتراف خود انہوں نے شادی کے 2 سال بعد کیا تھا اس سے قبل انہوں نے 2008ء میں وکرم نامی شخص سے دبئی میں شادی کی تھی ،بعد ازاں ہدایت کار فاروق مینگل سے دوسری شادی کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور صرف 4 ماہ میں ہی نوبت طلاق تک پہنچ گئی جبکہ اداکارہ نے تیسری شادی عون چوہدری سے کی تھی یہ شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی تھی۔
وقت اشاعت : 20/09/2017 - 17:29:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :