ہالی ووڈ اسٹار کا جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے دو ارب روپے عطیہ کرنے کا اعلان

ہمیں تاخیر سے قبل بھرپور انداز میں جنگلی حیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بچاؤ کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے ،ْ گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 11:46

ہالی ووڈ اسٹار کا جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے دو ارب روپے عطیہ کرنے کا اعلان
لاس اینجلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء)ہالی ووڈ سپر اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو کی فلاحی تنظیم کی جانب سے جنگلی حیات کے تحفظ اور کلائمٹ چینج پر کام کرنے والی تنظیموں کیلئے دو کروڑ ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ہالی ووڈ میڈیا کے مطابق ٹائی ٹینک کی وجہ سے شہرت پانے والے لیونارڈو ڈی کیپریو کی فلاحی تنظیم نے جنگلی حیات اور آب و ہوا میں تبدیلی پر کام کرنی والی تقریباً 100 تنظیموں کو دو کروڑ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے 42 سالہ لیونارڈو ڈی کیپریو کا کہنا تھا کہ ہم فخر سے جنگلی حیات کے تحفط اور آب و ہوا کی تبدیلی پر اندرون اور بیرون ملک کام کرنے والی تنظیموں کی حمایت کریں گے تاکہ ہر طرح سے سمندر، جنگلات اور معدومیت کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے نسل کا تحفظ بھی کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

لیونارڈو ڈی کیپریو فائونڈیشن کے سی ای او نے کہا کہ پوری دنیا میں بہت تیزی سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، کلائمٹ چینج کی وجہ سے گرمی کی شدت اور سمندری طوفانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تاخیر سے قبل بھرپور انداز میں جنگلی حیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بچاؤ کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے اور یہ رقم اسی تناظر میں عطیہ کی گئی ہے۔

وقت اشاعت : 23/09/2017 - 11:46:26

Rlated Stars :