لائیو کنسرٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے گلوکار گھروں میں فارغ بیٹھے ہیں ‘ حمیرا ارشد

منگل 17 اکتوبر 2017 13:59

لائیو کنسرٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے گلوکار گھروں میں فارغ بیٹھے ہیں ‘ حمیرا ارشد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ لائیو کنسرٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے گلوکار گھروں میں فارغ بیٹھے ہیں ، ملک کے حالات اب بہتر ہو چکے ہیں ، حکومت آرٹ اور ثقافت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صوبائی دارلحکومت لاہور میں لائیو کنسرٹ ہوتے تھے مگر دہشت گردی کی وجہ سے یہ سلسلہ رک گیا مگر اب حالات بہت بہتر ہو چکے ہیں اس لیے سرکاری سطح پر ایسے پروگراموں کا انعقاد ہونا ضروری ہے جس میں گلوکاروں کو اپنی لائیو پرفارمنس دکھانے کا موقع مل سکے ۔

حمیرا ارشد نے کہا کہ اہل لاہور کو لائیو پرفارمنس دیکھے مدتیں گزر چکی ہیں اور اب کسی گلوکار کا البم بنانے سے پیٹ نہیں بھرتا ۔ حکومت کو چاہیے کہ آرٹ اور ثقافت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کرے اور ہر ہفتے عوام کی تفریح کے لئے میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کرے تاکہ شہریوں کو ذہنی طور پر اچھی تفریح میسر آسکے۔
وقت اشاعت : 17/10/2017 - 13:59:28