اپنے پرستاروں کی ہر جائز خواہش کا احترام کرتا ہوں‘اداکار محمود اسلم

بشریٰ انصاری پسندیدہ ،سہیل احمد ورسٹائل ،صباء قمر کو سب سے زیادہ خوبصورت اداکارہ مانتا ہوں

جمعرات 19 اکتوبر 2017 13:21

اپنے پرستاروں کی ہر جائز خواہش کا احترام کرتا ہوں‘اداکار محمود اسلم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) سینئر اداکار محمود اسلم نے کہا ہے کہ بشریٰ انصاری میری پسندیدہ اداکارہ ہیں ،سہیل احمد ورسٹائل اداکار ہیں اور صباء قمر کو سب سے زیادہ خوبصورت اداکارہ مانتا ہوں۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں کافی عرصے سے کراچی میں مقیم ہوں مگر لاہور کی یادوں کو کبھی میں فراموش نہیں کر سکا ، پرانے دوستوں کی بیٹھکیں آج بھی یاد آتی ہیں اور جب بھی لاہور آئوں تو اپنے پرانے علاقہ سنت نگر میں ضرور جاتا ہوں جہاں بچپن کے کچھ دوستوں سے ملاقات ہو جاتی ہے ، زیادہ تر دوست علاقہ چھوڑ کر دوسری جگہوں پر منتقل ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈرامہ سیریل ’’ جنجال پورہ ‘‘ میں ہجڑے کا کردار ادا کیا تھا ، اس سے قبل کبھی بھی پی ٹی وی میں ہجڑے کا کردار کسی کو نہیں ملا تھا ، اس کردار میں میرا نام ’’ ریما ‘‘ تھا اور اس ڈرامہ سیریل نے ریکارڈ ساز مقبولیت حاصل کی ۔

(جاری ہے)

جبکہ کراچی میں بننے والے سٹ کام ’’ بلبلے ‘‘ میں بھی میرے کردار نے تاریخی شہرت حاصل کی اور اس میں میرا اصل نام محمود ہی رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کہیں آنا جانا ہو تو بچے مجھے محمود انکل کہہ کر میرے اردگرد گھیرا ڈال لیتے ہیں اور میرے ساتھ سیلفیاں بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے پرستاروں کی ہر جائز خواہش کا احترام کرتا ہوں۔

وقت اشاعت : 19/10/2017 - 13:21:51