کمال رشید خان عرف کے آر کے اور بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے درمیان تنازعات سامنے آگئے

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:56

کمال رشید خان عرف کے آر کے اور بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے درمیان تنازعات سامنے آگئے
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) بھارتی فلم انڈسٹری کے متنازع اداکار کمال رشید خان عرف کے آر کے اور بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے درمیان تنازعات سامنے آگئیمیڈیا رپورٹس کے مطابق خود ساختہ تجزیہ نگار کمال رشید خان نے عامر خان کی نئی فلم سیکریٹ سپر اسٹار کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر منفی ریمارکس لکھے جس کے بعد ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا تاہم کے آرکے نے اس کا الزام عامر خان پر لگادیا۔

عامر خان کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار 19 اکتوبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی گئی ہے جب کہ کمال رشید خان نے ایک روز قبل ٹوئٹر پر اس فلم کے حوالے سے تجزیہ جاری کیا۔ رپورٹس کے مطابق کمال رشید نے اپنی ٹوئٹ میں فلم کا کلائمکس افشائ کردیا جس کی وجہ سے ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کیا۔

(جاری ہے)

کمال رشید خان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ اس لیے معطل کیا کیوں کہ انہوں نے فلم کے حوالے سے منفی ریمارکس دیے اور وہ ٹوئٹر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

کمال خان نے کہا کہ اگر ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ بحال نہیں کیا تو وہ دوبارہ کبھی ٹوئٹر پر اکاؤنٹ نہیں بنائیں گے اور اس کا بائیکاٹ کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’میں نے اپنے چار سال اور بہت سارا پیسہ خرچ کرکے ٹوئٹر پر 60 لاکھ کے قریب فالوورز بنائے لہٰذا میں ٹوئٹر کے خلاف عدالت جاؤں گا اور دعویٰ کروں گا کہ میں نے اب تک جتنا وقت اور پیسہ ٹوئٹر پر خرچ کیا ہے وہ مجھے بطور ہرجانہ واپس کیا جائے۔

کمال رشید خان نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹوئٹر محض اس لیے ان کا اکاؤنٹ معطل کررہا ہے کہ عامر خان انہیں ٹوئٹر پر نہیں دیکھنا چاہتے تو یہ حیرت انگیز بات ہے اور اس کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ ٹوئٹر کے اصل مالک عامر خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو گالی یا دھمکی نہیں دی اس لیے ٹوئٹر کو کوئی حق نہیں کہ وہ میرا اکاؤنٹ معطل کرے، ایسا کرنے سے قبل انہوں نے مجھے کوئی وارننگ نہیں دی یعنی ٹوئٹر چاہتا ہے کہ صرف عامر خان اسے استعمال کریں۔۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 22:56:15