بھارت کی جارحیت کی وجہ سے خطے کا امن دائو پر لگ چکا ہے‘وزیر مواصلات

اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئے‘حافظ عبدالکریم

اتوار 19 نومبر 2017 13:00

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) بھارت کی جارحیت کی وجہ سے خطے کا امن دائو پر لگ چکا ہے اقوام متحدہ دیگر عالمی اداروں کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم نے گزشتہ روز سماجی سیاسی رہنما حاجی نذیر احمد انصاری کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ خطے کی ترقی و استحکام کیلئے بھارت کو مذاکرات کی ٹیبل پر آنا ہوگا بھارت کودہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی ترک کرنا ہوگی پاکستانی قوم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کشمیر پاکستان کی شہ رہ ہے کشمیری نوجوان گزشتہ 70سال سے بہت قربانیاں دے رہے ہیں ٹرمپ انتظامیہ بھارت کے پیچھے چلتی رہی تو خطے میں امن نہیں آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کوانکے حقوق دئیے بغیر دنیا میںامن قائم نہیں ہوسکتا کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیریوں کی آواز بننے کے لیے نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھارت جو منفی کردار ادا کر رہا ہے اُسے ایکسپوز کرنا ہو گاانڈیا کشمیر کے اندر مسلمانوں پر ظلم و ستم کرنا بند کرے ستر سال گزر جانے کے باوجود بھارت آج بھی مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے عالمی دنیا بھارتی مظالم کا نوٹس لے پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرے۔
وقت اشاعت : 19/11/2017 - 13:00:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :