سپر ہیروز فلم’ ’جسٹس لیگ‘ ‘کا اچھا آغاز‘

دیگر فلموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی فلم نے مجموعی طور پر امریکا میں ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے رواں برس ریلیز ہونے والی ’ونڈر ویمن‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

پیر 20 نومبر 2017 11:54

سپر ہیروز فلم’ ’جسٹس لیگ‘ ‘کا اچھا آغاز‘
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) سپر ہیروز پر مبنی معروف ڈی سی کامک کی فلم ’جسٹس لیگ‘ نے ابتدائی 2 دن میں دنیا بھر سے 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالر(پاکستانی گیارہ ارب سے زائد) کا بزنس کرکے نہ صرف اچھا آغاز کیا، بلکہ دیگر فلموں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی۔’جسٹس لیگ‘ کو وارنرز برادرز کے بینر تلے رواں ماہ 17 نومبر کو امریکا، بھارت، چین اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

فلم کی نمائش سے قبل ہی یہ اندازے لگائے گئے تھے کہ ’جسٹس لیگ‘ پہلے ہی دن ریکارڈ بزنس کرکے کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دے گی، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔خیال کیا جا رہا تھا کہ ’جسٹس لیگ‘ نمائش کے ابتدائی 2 دن میں صرف امریکا میں ہی 10 کروڑ ڈالر کا بزنس کرے گی، تاہم فلم نے امریکا میں صرف 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

(جاری ہے)

ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق ’جسٹس لیگ‘ نے امریکا سے ابتدائی 2 دن کے اندر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر (پاکستانی لگ بھگ 4 ارب) کی کمائی کی۔

جبکہ ’جسٹس لیگ‘ نے بھارت اور چین سمیت دیگر ممالک سے ابتدائی 2 دن میں 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد (پاکستانی 7 ارب سے زائد) پیسے بٹورے۔فلم نے مجموعی طور پر امریکا میں ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے رواں برس ریلیز ہونے والی ’ونڈر ویمن‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس فلم نے 2 دن میں 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سمیٹے تھے۔خیال رہے کہ جسٹس لیگ میں ’ونڈر ویمن‘ کی ہیروئن بھی شامل ہیں۔’جسٹس لیگ‘ نے نہ صرف ’ونڈر ویمن‘ بلکہ اپنی ہی کاسٹ کے دیگر سپر ہیروز کی فلموں کو بھی ابتدائی 2 دن کی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔ تاہم مجموعی طور پر جسٹس لیگ نے ابتدائی 2 دن میں اندازوں سے 15 فیصد کم پیسے بٹورے۔
وقت اشاعت : 20/11/2017 - 11:54:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :