فلم’ ’ٹائی ٹینک‘‘ کی 20 سال بعد تھری ڈی میں نمائش

فلم کی ٹو ڈی اور تھری ڈی میں نمائش کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا

بدھ 22 نومبر 2017 11:51

فلم’ ’ٹائی ٹینک‘‘ کی 20 سال بعد تھری ڈی میں نمائش
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء)ہولی وڈ کی فلمی تاریخ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ پیسے بٹورنے والی معروف فلم ’ٹائی ٹینک‘ کو ریلیز کے 20 سال گزرنے کے بعد ایک بار پھر نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ’ٹائی ٹینک‘ کو سب سے پہلے نومبر 1997 میں جاپان جب کہ 19 دسمبر 1997 کو امریکا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

فلم کی ریلیز کو رواں ماہ 20 سال ہوچکے، فلم کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے اسے ایک بار پھر ’ٹو ڈی اور تھری ڈی‘ میں پیش کرنے کا اعلان کیا۔ہولی وڈ رپورٹس کے مطابق جیمز کیمرون نے فلم کو 20 سال مکمل ہونے پر اعلان کیا کہ ’ٹائی ٹینک‘ کو ’ٹو ڈی اور تھری ڈی‘ میں پیش کیا جائے گا۔فلم کو نئی ٹیکنالوجی میں ’ڈول بائے‘ کے تعاون سے پیش کیا جائے گا، اور ابتدائی طور پر صرف امریکا میں ہی اس کی نمائش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

فلم کی ٹو ڈی اور تھری ڈی میں نمائش کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا۔فلم کی ٹیم نے دیگر ممالک میں اس کی ٹو ڈی اور تھری ڈی میں نمائش کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ 2018 کی ابتدائی سہ ماہی میں اسے دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔رومانٹک ڈزاسٹر فلم ’ٹائی ٹینک‘ نے نہ صرف آسکر ایوارڈ جیتا، بلکہ یہ ہولی وڈ کی اب تک کی زیادہ پیسے کمانے والی دوسری بڑی فلم ہے، جب کہ اسے سب سے زیادہ کمانے والی پہلی فلم کا اعزاز 2010 تک رہا۔

’ٹائی ٹینک‘ کی زیادہ کمائی کا اعزاز بھی فلم ساز جیمز کیمرون کی ایک اور فلم ’اوتار‘ نے ان سے چھینا۔کیٹ ونسلیٹ اور لیونارڈو ڈی کیپریو کی اس رومانٹک ڈزاسٹر فلم کی کہانی ایک سچے واقعے پر مبنی ہے۔فلم کی کہانی 1912 میں حادثے کا شکار ہوئے دنیا کے پہلے بڑے برطانوی بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ڈوبنے کے گرد گھومتی ہے، جس میں 1500 سے 5 ہزارکے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے۔فلم میں نہ صرف ’ٹائی ٹینک‘ کو ڈوبتے ہوئے دکھایا گیا، بلکہ اس جہاز میں ہونے والے رومانس اور دیگر واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔اسی فلم کے ذریعے ہی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ اور لیونارڈو ڈی کیپریو کو شہرت ملی۔
وقت اشاعت : 22/11/2017 - 11:51:40