شاہ رخ اور عامر خان بھی پدماوتی اداکارہ دپیکا کی حمایت میں بول پڑے

دپیکا کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ محتاط رہنے کی ہدایت

بدھ 22 نومبر 2017 15:12

شاہ رخ اور عامر خان بھی پدماوتی اداکارہ دپیکا کی حمایت میں بول پڑے
ْممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء)فلم پدماوتی پر ہونے والی تنقید اور دھمکیوں کے بعد بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی فلم کی مرکزی اداکارہ دپیکا کی حمایت میں سامنے آگئے۔بھارتی انتہا پسندوں نے دپیکا کی ناک کاٹنے سمیت اداکارہ کے سر کی قیمت بھی مقرر کر رکھی ہے ،ْ جس پر عامر اور شاہ رخ دونوں نے ہی غم و غصہ کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جیسے ہی عامر خان کو دپیکا کو دی جانے والی دھمکیوں کے حوالے سے خبر ملی تو انہوں نے فوراً ہی اداکارہ کو فون کیا اور تمام حالات کے بارے میں پوچھا، انہوں نے دپیکا کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی۔دوسری جانب شاہ رخ خان نے بھی دپیکا کو فوری طور پر فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔بالی وڈ خانز نے عوامی سطح پر دپیکا یا فلم کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔واضح رہے کہ گذشتہ برس شاہ رخ اور عامر خان کے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے حوالے سے دیئے گئے بیانات کے بعد دونوں اداکاروں کو بھی شدت پسند تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئیں تھی جس کے بعد ممبئی پولیس نے شاہ رخ اور عامر کی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔
وقت اشاعت : 22/11/2017 - 15:12:18