ویرات ،انوشکا شرما کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً6ارب بھارتی روپے سے زائد ہے

2 سالوں میں ان کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 10ارب ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے‘ میڈیا رپورٹ

بدھ 13 دسمبر 2017 17:40

ویرات ،انوشکا شرما کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً6ارب بھارتی روپے سے زائد ہے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً6ارب بھارتی روپے سے زائد ہے۔ایک طرف جہاں ویرات کوہلی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی بھارتی کرکٹرز میں شامل ہیں وہیں انوشکا بھی پیچھے نہیں اور وہ ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ5کروڑ بھارتی روپے وصول کرتی ہیں۔

نوبیاہتا جوڑے کے ذاتی اثاثوں سے متعلق حیران کن تفصیلات سامنے آئی ہیں جنہوں نے بڑے بڑے ارب پتیوں کو بھی گھما کر رکھ دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریبا 600 کروڑ(6ارب بھارتی روپی)ہے جس سے ان کا شمار ارب پتیوں میں ہوتا ہے۔ویرات کوہلی ایک ون ڈے کی فیس 6لاکھ بھارتی روپے جبکہ ٹیسٹ میچ کی فیس 15لاکھ بھارتی روپے وصول کرتے ہیں اور اسی طرح آئی پی ایل کے ایک سیزن سے وہ 14 کروڑ بھارتی روپے کما لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹر کو اشتہارات اور دیگر اثاثوں سے بھی 42کروڑ بھارتی روپے سالانہ حاصل ہوتے ہیں جبکہ ان کی 18کروڑ بھارتی روپے کی سرمایہ کاری بھی موجود ہے۔ویرات لگژری گاڑیوں کے بھی شوقین ہیں اور ان کے پاس 6لگژری گاڑیاں موجود ہیں جن کی مالیت 9کروڑ بھارتی روپے ہے۔ویرات نے اس سب کے علاوہ جرمنی کے اسپورٹس برانڈ پوما سے بھی 8سال کیلئے 110 کروڑ بھارتی روپے کی بڑی ڈیل کر رکھی ہے اور وہ سالانہ 120کروڑ بھارتی روپے کی کمائی بھی کرتے ہیں۔

بھارتی کپتان دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے کل اثاثوں کی مالیت 390کروڑ بھارتی روپے ہے جبکہ وہ 28کروڑ بھارتی روپے ٹیکس بھی ادا کرچکے ہیں۔اسی طرح ان کی دلہنیا انوشکا شرما بھی کسی سے کم نہیں ہیں جو اداکاری کیساتھ ساتھ پروڈیوسر بھی ہیں۔انوشکا جہاں ایک فلم میں اداکاری کیلئے کم از کم 5سے 8کروڑ بھارتی روپے وصول کرتی ہیں، وہیں اشتہارات سے بھی 4 کروڑ بھارتی روپے کماتی ہیں۔

اداکارہ فلم پروڈکشن ہائوس اور دیگر کاروبار میں 36کروڑ بھارتی روپے کی سرمایہ کرچکی ہیں جس سے بھی انہیں آمدنی حاصل ہوتی ہے۔اداکارہ کو بھی لگژری گاڑیاں رکھنے کا شوق ہے اور ان کے پاس 4لگژری گاڑیاں ہیں جن کی مالیت 5بھارتی کروڑ ہے جبکہ ہر سال اداکارہ کی آمدنی میں 18 فیصد اضافہ ہور ہا ہے، اس وقت انوشکا کے اثاثوں کی مالیت تقریبا 220کروڑ بھارتی روپے ہے۔اس طرح نوبیاہتا جوڑے کے اثاثوں کی کل مالیت 600کروڑ بھارتی روپے بنتی ہے اور اسے ارب پتی جوڑی کہا جاسکتا ہے، ساتھ ہی 2سالوں میں ان کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 10ارب ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
وقت اشاعت : 13/12/2017 - 17:40:39

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :