مجھے طعنہ دینے والے آج خود بالی ووڈ میں کام کررہے ہیں، اداکارہ میرا

جمعرات 14 دسمبر 2017 12:16

مجھے طعنہ دینے والے آج خود بالی ووڈ میں کام کررہے ہیں، اداکارہ میرا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) نامور پاکستانی اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ کل تک جو لوگ کہتے تھے کہ میں نے بالی ووڈ میں کام کے لیے خود کو بیچ دیا تھا وہ آج خود ہی بھارتی فلموں میں کام کررہے ہیں۔دبئی میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران انٹرویو میں میرا نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، ہمیں چاہیے کہ متحد ہوکر اپنی فلم انڈسٹری اور ملک کا تشخص اجاگر کرنے کے لیے اس قسم کے بین الاقوامی پلیٹ فارم کو استعمال کریں۔

ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ بھارتی خود اپنے آپ کو اور اپنی مصنوعات کو کس طرح پیش کرتے ہیں، اسی طرح ہم بین الاقوامی طور پر اپنے آپ کو منواسکیں گے۔میرا نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ ایک وقت تھا جب بالی ووڈ میں کام کرنے پر لوگ باتیں بناتے تھے۔

(جاری ہے)

لوگ کہتے تھیکہ میں نے خود کو بالی ووڈ کے لیے بیچ دیا ہے، لیکن اب ہر ایک بالی ووڈ کی فلمیں کررہا ہے۔

میرا نے شان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شان اس وقت اپنی فلم’ارتھ‘کی تشہیر میں مصروف ہیں جس کی کہانی 1982 میں ریلیز ہوئی ہدایت کار مہیش بھٹ کی فلم’ارتھ‘سے لی گئی ہے۔سوشل میڈیا کے حوالے سے میرا نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کوئی اخبار میرے انٹرویو کے بغیر شائع نہیں ہوتا تھا لیکن اب دور بدل گیا ہے۔ میں کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی اور ماضی میں اپنا موقف پیش کرنے کے لیے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے پرانے طریقے استعمال کرتی رہی ہوں۔

مجھے جدید ٹیکنالوجی کو سمجھنے میں کافی وقت لگا۔ آج کسی فنکار کی فلم یا ٹی وی پر جاندار اداکاری ہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر اس کی فعالیت بھی شمار کی جاتی ہے۔ میں سوشل میڈیا کی اہمیت کو نہیں سمجھ پائی، اس لیے اس پر زیادہ توجہ بھی نہیں دی لیکن میں اب اس کی اہمیت اور افادیت کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔لالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے اس خیال میں گھری رہی ہوں کہ اگر میں اور کوئی سوشل میڈیا اسٹار سڑک پر ایک ساتھ کھڑے ہوں تو لوگ مجھ سے آٹو گراف لینے آئیں گے۔

میں ایک تجربے کار اداکار ہوں لیکن اب سارا کھیل سوشل میڈیا کے فالوورز کا ہوگیا ہے۔ فلم کے ہدایت کار اور اس شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر ادارے یہ دیکھتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر آپ کتنا مقبول ہیں اور آپ کے مداحوں کی تعداد کتنی ہے۔کراچی اور لاہور کے درمیان فرق کو واضح کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ جب میں کراچی میں بات کرتی ہوں تو ایسا لگتا ہے کہ ممبئی میں لوگوں سے بات کررہی ہوں، ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے فلم انڈسٹری کے لیے بہت اچھا کام کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی کراچی میں ان کی سوشل میڈیا ٹیم اور منیجرز بہت سمجھدار اور فعال ہیں، اس کے مقابلے میں لاہور میں میری ٹیم اتنی فعال نہیں، میں ان سے اس معاملے میں بہت پیچھے ہوں کیونکہ میرا تعلق لاہور سے ہے اور میں کراچی میں ایسے لوگ نہیں ڈھونڈ سکتی۔

سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز زبان استعمال کئے جانے پر میرا نے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پر مجھے برے نام سے پکارتے ہیں تو بہت تکلیف ہوتی ہے، میری اپیل ہے کہ میرا مذاق نہ اڑائیں کیونکہ میں آج جو بھی ہوں اپنے کام کی وجہ سے ہوں اور آپ لوگوں کے لیے مزید کام کرنا چاہتی ہوں۔ ایک وقت آئے گا جب میں سوشل میڈیا کا کھیل بھی جیت جاؤں گی۔میرا نے اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ برس ایک فلم میں کام کریں گی جس میں مرکزی کردار وہ ادا کریں گی یہ فلم ان کے کیرئیر کی اب تک کی بہترین فلم ثابت ہوگی۔
وقت اشاعت : 14/12/2017 - 12:16:41

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :