اداکارہ سلمیٰ ہائیک بھی ہاروی ونسٹن کے متاثرین میں شامل ہو گئی

فلم بننے کے دوران پروڈیوسر کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ کئی طرح کے مطالبات کیے گئے اب تک سو سے زائد خواتین نے عوامی سطح پر ہاروی ونسٹن پر ریپ سے لے کر متعدد الزامات عائد کیے ہیں ہماری انڈسٹری ایسے افراد کے لیے زرخیر زمین کا کام کررہی ہے اور مرد جنسی طور پر ہراساں کرتے ہیں ‘اداکارہ

جمعہ 15 دسمبر 2017 11:58

اداکارہ سلمیٰ ہائیک بھی ہاروی ونسٹن کے متاثرین میں شامل ہو گئی
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء)ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ سلمیٰ ہائیک بھی ان متعدد اداکارائوں کی صف میں شامل ہوگئی ہیں جنھوں نے ہاروی ونسٹن پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔سلمیٰ ہائیک نے بھی اس بدنام زمانہ ہولی وڈ پروڈیوسر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور قتل کرنے کی دھمکی جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے لیے تحریر ایک مضمون میں سلمیٰ ہائیک نے لکھا برسوں تک وہ میرے لیے عفریت بنا رہا۔سلمیٰ ہائیک نے ہاروی ونسٹن کی 2002 کی فلم فریڈا میں کام کیا تھا جس پر انہیں بہترین اداکارہ کے لیے آسکر ایوارڈ میں نامزدگی بھی ملی۔52 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ فلم بننے کے دوران پروڈیوسر کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ کئی طرح کے مطالبات کیے گئے اور مسلسل انکار پر ایک موقع پر انہیں قتل کی بھی دھمکی دی میں تم کو قتل کردوں، یہ نہ سوچنا کہ میں نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

اگرچہ ان تجربات سے اداکارہ کو منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑا مگر انہوں نے اس بات کو برسوں تک اپنی حد تک ہی محدود رکھا، بلکہ گزشتہ مہینوں کے دوران ہاروی ونسٹن کے خلاف متعدد خواتین کی جانب سے آواز بلند کرنے پر بھی سلمیٰ ہائیک کا خیال تھا کہ کوئی بھی ان کی کہانی سننے میں دلچسپی نہیں لے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پروڈیوسر نے ان کی پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بنایا، ان کے کردار کو بیکار قرار دیا اور انہیں کام جاری رکھنے کے لیے انتہائی نازیبا قسم کے مطالبات کیے۔

یہی وجہ ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کا نروس بریک ڈائون ہوگیا اور خواب آور ادویات کے استعمال پر مجبور ہوگئیں۔فلم کی شوٹنگ کے اختتام پر ہاروی ونسٹن نے یہ بھی کہا کہ یہ فلم سینمائوں میں ریلیز کے لیے اچھی نہیں اور اسے ویڈیو کی شکل میں ریلیز کرنے کی دھمکی دی۔یہ فلم معروف میکسیکن مصورہ فریڈا کاہلو کی زندگی کی کہانی تھی جس نے دو آسکر ایوارڈز اپنے نام کیے جبکہ 56 ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔

سلمیٰ ہائیک کے مطابق ہماری انڈسٹری ایسے افراد کے لیے زرخیر زمین کا کام کررہی ہے اور مرد جنسی طور پر ہراساں کرتے ہیں کیونکہ وہ ایسا کرتے ہیں، مگر اب اس نئے عہد میں خواتین آواز بلند کرنے لگی ہیں۔اب تک سو سے زائد خواتین نے عوامی سطح پر ہاروی ونسٹن پر ریپ سے لے کر متعدد الزامات عائد کیے ہیں اور اس حوالے سے اسکینڈل اکتوبر میں سب سے پہلے سامنے آیا تھا جس کے بعد پروڈیوسر کا کیرئیر ختم ہوگیا جبکہ شادی بھی ٹوٹ گئی۔
وقت اشاعت : 15/12/2017 - 11:58:24

Rlated Stars :