زائرہ وسیم کی والدہ نے اپنی بیٹی کو جہاز میں ہراساں کرنے والے شخص کیخلاف مقدمہ درج نہ کرانے کا فیصلہ

ہفتہ 16 دسمبر 2017 11:52

زائرہ وسیم کی والدہ نے اپنی بیٹی کو جہاز میں ہراساں کرنے والے شخص کیخلاف مقدمہ درج نہ کرانے کا فیصلہ
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء) زائرہ وسیم کی والدہ نے اپنی بیٹی کو جہاز میں ہراساں کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج نہ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چند روز قبل فلم دنگل میں سپر اسٹار عامر خان کی بیٹی کا کردار نبھانے والی 17 سالہ اداکارہ زائرہ وسیم کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے جہاز میں اپنے پیچھے بیٹھے شخص کی حرکتوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھاکہ اس شخص نے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی ہے ،ْ جہاز کے عملے سے شکایت کرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے اس شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

یہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس کے ساتھ وستارا ائیر لائن انتظامیہ بھی فورا حرکت میں آگئی اور اس شخص کی تلاش شروع کردی جس کا نتیجہ یہ آیا کہ اس شخص کو دوسرے ہی دن ممبئی سے گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کی شناخت39 سالہ ویکاش سچ دیو کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

ویکاش کو پولیس عدالت میں بھی پیش کرچکی ہے تاہم اب ائیر وستارا ایوی ایشن ریگولیٹرکی جانب سے کہا جارہا ہے کہ زائرہ وسیم کی والدہ اپنی بیٹی کو ہراساں کرنے والے شخص کے خلاف شکایت درج نہیں کروانا چاہتیں۔

ائیر لائن انتظامیہ نے جہاز میں پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ اس ہفتے کی ابتدا میں جمع کرائی تھی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ائیر لائن سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی سی ای)نے ہدایت جاری کی کہ جہاز میں مسافروں کے ساتھ پیش آنے والے رویے سے متعلق متعدد پہلوئوں کو دیکھنے کیلئے اندرونی پینل قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیاجا رہاہے۔

انتظامیہ نے واقعے سے متعلق تمام لوگوں بشمول زائرہ وسیم اور جہاز کے عملے کا بیان لینے کے بعد یہ رپورٹ تیار کی ہے تاہم ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آئی کہ زائرہ وسیم کی والدہ نے یہ فیصلہ کیوں کیا۔واضح رہے کہ ائیر لائن وستارا نے ٹوئٹر پر زائرہ وسیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
وقت اشاعت : 16/12/2017 - 11:52:07