مردان ، ڈانسنگ شو میں شرکت سے انکا ر، مقامی ڈانسر قتل

ڈانسر سنبل کو ملزمان نے گھر میں گھس کر قتل کیا ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی، پولیس

ہفتہ 3 فروری 2018 20:48

مردان ، ڈانسنگ شو میں شرکت سے انکا ر، مقامی ڈانسر قتل
مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2018ء) پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں ڈانسگ شو میں شرکت سے انکار پر ملزمان نے مقامی ڈانسر کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے مقامی ڈانسر سنبل خان کو ان کے گھر میں ہی قتل کیا۔سنبل خان پارٹی میں شرکت سے انکار پر قتل کی جانے والی پاکستان کی پہلی ڈانسر یا اسٹیج اداکارہ نہیں، اس سے قبل بھی مقامی اداکاراؤں کو پروگرامات میں شرکت سے انکار یا مطالبات پورے نہ کیے جانے پر قتل کیے جانے کے واقعات پیش ا آچکے ہیں۔

سنبل خان سے قبل اگست 2015 میں خیبرپختونخوا کے شہر نوشہرہ میں پشتو کی معروف گلوکارہ مسرت شاہین کو بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔اس سے پہلے جون 2014 میں پشاور میں ہی پشتو گلوکارہ گلناز کو بھی قتل کردیا گیا تھا، انہیں بھی گھر میں گھس کر اہل خانہ کے سامنے قتل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جون 2012 میں بھی پشاور میں پشتو کی گلوکارہ غزالہ جاوید کو بھی سابق شوہر نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے گھر میں گھس کر قتل کردیا تھا، غزالہ جاوید نے معروف گلوکار رحیم شاہ سمیت دیگر گلوکاروں کے ساتھ بھی گانے گائے تھے۔

مردان پولیس نے بتایا کہ سنبل خان کو 3 ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈانسر کو قتل کرنے والے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی۔ذرائع کے مطابق ڈانسر کو ہلاک کرنے والے جن 3 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ان میں ایک معطل پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
وقت اشاعت : 03/02/2018 - 20:48:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :