ایبٹ آباد پولیس نے رقاصہ نور سحر کو قتل کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کردی

بدھ 21 فروری 2018 13:24

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء) ایبٹ آباد پولیس نے رقاصہ نور سحر کو قتل کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کردی ہیں۔ جنوری میں مقتولہ کو اغواء کر کے زبردستی نکاح کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نیو سبزی منڈی کے قریب رہائش پذیر 20 سالہ نور سحر دختر زاہد حسین شادی بیاہ کی تقریبات میں رقص کر کے اپنے خاندان کی کفالت کرتی تھی۔

ملک شیراز عرف شازی ولد ملک ابرار سکنہ محلہ شیرازی ہری پور عقب آفاق ہوٹل نے نور سحر کو گن پوائنٹ پر اغواء کر لیا تھا جس کی ایف آئی آر تھانہ سٹی ہری پور میں درج کی گئی تھی۔ بعد ازاں ملک شیراز عرف شاذی نے نور سحر سے زبردستی نکاح کر کے اغواء کی ایف آئی آر خارج کروا دی تھی۔ شادی کے پانچویں روز نور سحر طلاق لیکر گھر آ گئی۔

(جاری ہے)

نور سحر کے شوہر ملک شیراز عرف شازی اور ملک قیصر عرف کاشی ایبٹ آباد میں نیو سبزی منڈی کے قریب نور سحر کے گھر میں گھس گئے اور اندھا دھند فائرنگ کر کے اسے قتل کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔

ایبٹ آباد پولیس کی جانب سے ملک شیراز اور ملک قیصر کی تصاویر جاری کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ ان افراد کے بارے میں اگر کسی کو کوئی معلوم ہو تو فوری طور پر تھانہ کینٹ کے ٹیلی فون نمبر 0992-9310038 یا قریبی پولیس کو اطلاع کریں۔ کینٹ پولیس کے ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد پولیس کی بھاری نفری ایس ایچ او کیڈٹ حفیظ کی قیادت میں راولپنڈی، پشاور اور دیگر مقامات پر چھاپے مارنے میں مصروف ہے۔
وقت اشاعت : 21/02/2018 - 13:24:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :