پریتی زنٹا سے چھیڑ چھاڑ کیس کی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرادی گئی

پریتی زنٹا نے دوست نیس واڈیا کیخلاف 4 سال قبل چھیڑ چھاڑ ،ْدست درازی اور ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی تھی

بدھ 21 فروری 2018 19:04

پریتی زنٹا سے چھیڑ چھاڑ کیس کی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرادی گئی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2018ء) بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا کے چھیڑ چھاڑ کرنے ،ْانہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے زبانی بدکلامی کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے مقدمے میں اداکارہ کے دوست کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ جمع کرادی گئی۔پولیس کی جانب سے اداکارہ کے سابق کاروباری دوست نیس واڈیا کے خلاف ممبئی کی عدالت میں چارج شیٹ جمع کرائی گئی۔

خیال رہے کہ نیس واڈیا اور پریتی زنٹا انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے مشترکہ مالک ہیں، جن کے ماضی میں انتہائی قریبی تعلقات بھی رہے ہیں۔پریتی زنٹا نے اپنے دوست نیس واڈیا کے خلاف 4 سال قبل چھیڑ چھاڑ ،ْدست درازی اور ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی تھی جس پر اب کاروباری شخص کے خلاف باقائدہ مقدمہ درج کرکے اس کی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے نہ صرف مقدمہ درج کرلیا بلکہ نیس واڈیا کے خلاف 500 صفحات پر مبنی چارج شیٹ بھی ممبئی میٹروپولیٹن کورٹس کی ’ایسپلاندے کورٹ‘ میں پیش کردی۔انڈین ایکسپریس کے مطابق نیس واڈیا نے عدالت میں اپنے خلاف چارج شیٹ جمع ہونے کے بعد 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض اپنی ضمانت بھی کروالی۔خبر کے مطابق نیس واڈیا کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 356، 509 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرکے ان کے خلاف چارج شیٹ بنائی گئی ،ْیہ مقدمات خواتین کے خلاف چھیڑ چھاڑ کرنے، انہیں جنسی و زبانی طور پر ہراساں کرنے، انہیں ڈرانے دھمکانے اور ان کی تذلیل کرنے سے متعلق ہیں۔

پولیس نے یہ مقدمہ اداکارہ کی اس شکایت پر درج کیا جو انہوں نے 4 سال قبل 2014 میں درج کروائی تھی ،ْ شکایت میں اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ نیس واڈیا نے ان کے ساتھ ممبئی کے وانکھینڈے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کی میچ کے دوران بدتمیزی اور چھیڑ چھاڑ کی۔اداکارہ نے یہ شکایت جون 2014 میں جنوبی ممبئی کی میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی۔

اسی کیس میں اداکارہ نے پولیس کو ایسی تصاویر بھی فراہم کردی ہیں جن سے یہ پتہ لگتا ہے کہ نیس واڈیا نے انہیں ہراساں کرنے سمیت انہیں ڈرایا اور دھمکایا۔پولیس نے اسی کیس میں متعدد افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کر رکھے ہیں جبکہ اسی کیس میں پریتی زنٹا کے امریکی شوہرجین گڈ اناف نے بھی پولیس کا اپنا بیان ای میل کے ذریعے ریکارڈ کرا رکھا ہے۔خیال رہے کہ 2014 میں اس مقدمے درج ہونے سے قبل نیس واڈیا اور پریتی زنٹا میں گہرے تعلقات بھی قائم تھے، دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بھی دیکھا جاتا تھا۔
وقت اشاعت : 21/02/2018 - 19:04:59