کپل شرما کی پشاورزلمی کو سپورٹ ،ْ انتہا پسندوں نے بغاوت کی سند جاری کر دی

پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی ہے ،ْشاما پی ایس ایل میں پرفارم کرنے چلے گئے ،ْانتہاپسندوں کی تنقید

ہفتہ 24 فروری 2018 11:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2018ء) بھارت کے نامور مزاحیہ اداکار کپل شرما کی طرف سے پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے والی ٹیم پشاور زلمی کی سپورٹ کرنے پر انتہا پسندوں نے انہیں ملک سے بغاوت کرنے کی سند جاری کردی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما پاکستان کیلئے سافٹ کارنر رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل 3 میں پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے جب کپل کو اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے مدعو کیا تو کپل انکار نہ کرسکے اور پاکستان سے محبت کی وجہ سے وہ پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے اور پشاور زلمی کو پروموٹ کرنے کیلئے ان دنوں دبئی میں موجود ہیں۔

کپل شرما کی جانب سے پشاور زلمی کو سپورٹ کرنے پر جہاں پاکستانی شائقین نے انہیں خوب داد دی وہیں دوسری جانب بھارت میں اس اقدام پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہندو انتہا پسند جماعتیں بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں اور شیو سینا کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر نونرمن سینا نے انہیں بھارتی وقار کو مجروح کرنے کا مرتکب قرار دیا۔

انتہا پسندوں نے کہاکہ کپل شرما نے بھارتی وقار کا تمسخر اڑایا، وہ صرف پیسہ کمانا چاہتے ہیں اور ملک کی کوئی پروا نہیں۔ ہم پاکستان سپر لیگ میں کپل کے پرفارم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔مہاراشٹر نونرمن سینا کے ترجمان امے کھوپکر نے بھی کپل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب وہ مزاحیہ اداکار کے فین نہیں رہے، انہیں شرم آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی ہے لیکن وہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے چلے گئے۔ میں ان کا فین تھا لیکن اس قصے کے بعد نہیں رہا اور عوام سے اپیل کروں گا کہ وہ بھی ایسا ہی کریں۔
وقت اشاعت : 24/02/2018 - 11:50:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :