ویران فلمی سٹوڈیوز کی بحالی کیلئے جدید مشینری کی ضرورت ہے ‘سید نور

جمعرات 22 مارچ 2018 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2018ء) ملک کے معروف ہدایت کار سید نور نے کہا ہے کہ ویران فلمی سٹوڈیوز کی بحالی کیلئے جدید مشینری کی ضرورت ہے کیونکہ جدید تکنیک کی حامل معیاری فلمیں بنیں گی تو ویرانیاں دور ہوں گی۔ گزشتہ روز بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروڈکشن کیلئے معیار کا ہونا ضروری ہے جو جدید مشینری کے بغیر ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

سید نور نے کہا کہ ہمارے فلم ساز اور ہدایت کار آج بھی چالیس سال پرانے کیمروں پر فلم کی عکسبندی کرتے ہیں اور یہاں پر لیب نام کی کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ فلم انڈسٹری کی بہتری کیلئے جدید کیمروں سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرے تاکہ فلم انڈسٹری کو بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سال میں چند اچھی فلمیں بننے سے سینما کی ویرانیاں کم نہیں ہوں گی اس کے لئے وسیع پیمانے پر اصلاح کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 22/03/2018 - 16:00:16