مرنے کے بعد سری دیوی کو اعلیٰ ایوارڈ دینے پر ان کے خاندان کا حکومت سے اظہار تشکر

ہفتہ 14 اپریل 2018 20:55

مرنے کے بعد سری دیوی کو اعلیٰ ایوارڈ دینے پر ان کے خاندان کا حکومت سے اظہار تشکر
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2018ء)رواں برس فروری میں دبئی کے ہوٹل میں پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے ہلاک ہونے والی اداکارہ سری دیوی کو مرنے کے بعد بھارت کا اعلیٰ ترین فلمی اعزاز’نیشنل ایوارڈ‘ دیے جانے پر ان کے اہل خانہ نے خاموشی توڑ دی۔سری دیوی نے 50 سالہ فلمی کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کرنے کے باوجود یہ ایوارڈ حاصل نہیں کیا تھا۔

تاہم ان کے مرنے کے بعد اب ایوارڈ دینے والی کمیٹی نے انہیں گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’موم‘ میں اداکاری دکھانے پر انہیں نیشنل ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔نیشنل ایوارڈ جیوری نے 13 اپریل کو نہ صرف سری دیوی بلکہ کینسر کے باعث گزشتہ برس چل بسنے والے ونود کھنہ کو بھی مرنے کے بعد ’دادا پھالکے‘ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

اب مرنے کے بعد سری دیوی کو ایوارڈ دیے جانے پر ان کے شوہر بونی کپور، ان کی بیٹیوں جھانوی اور خوشی کپور نے خاموشی توڑتے ہوئے بیان جاری کردیا۔

سری دیوی بونی کپور کے ٹوئٹر ہینڈل سے خاندان کے جاری کیے گئے بیان میں حکومت ہند کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اداکارہ کو ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے پر جیوری کا بھی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سری دیوی نہ صرف سپر اسٹار اداکارہ تھیں، بلکہ وہ سپر والدہ اور سپر بیوی بھی تھیں۔بیان کے مطابق سری دیوی نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور ان کے تمام کردار شاندار تھے، جیوری کی جانب سے ان کی اداکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں ایوارڈ دینا ان کے خاندان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

بیان میں حکومت اور جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ساتھ ہی مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا تھا۔بیان میں بتایا گیا کہ سری دیوی کو نیشنل ایوارڈ دیے جانے پر ان کا خاندان خوش ہوا، یہ وقت ان کی کامیابیوں کا جشن منانے کا ہے، اگرچہ وہ جسمانی طور پر ہمارے ساتھ نہیں ہیں، تاہم ان کی میراث ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔۔
وقت اشاعت : 14/04/2018 - 20:55:29