مقبول ترین پلے بیک گلوکارہ شمشاد بیگم کو مداحوں سے بچھڑی5 سال ہوگئے

’’لے کے پہلا پہلا پیار بھر کے آنکھوں میں خمار ‘‘ نے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا

پیر 23 اپریل 2018 13:49

مقبول ترین پلے بیک گلوکارہ شمشاد بیگم کو مداحوں سے بچھڑی5 سال ہوگئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) بالی ووڈ کے ابتدائی دنوں کی مقبول پلے بیک سنگرشمشاد بیگم کو مداہوں سے بچھڑے پانچ برس بیت گئے۔ پردے کے پیچھے سے آوازکا جادو چلانے والی عہد ساز فنکارہ کی زندگی میں کئی نشیب و فراز آئے۔بالی ووڈ کے ابتدائی پلے بیک سنگرز میں شمشاد بیگم کا نام جانا پہچانا ہے، یہ وہ آواز تھی جس نے سب سے پہلے نوجوان آرزوؤں کو زبان دی۔

شمشاد بیگم 1919ء میں لاہور میں پیدا ہوئیں اور 23اپریل 2013ء میں انتقال کیا۔سکول سے گائیکی کی ابتدا کی عمر صرف دس برس تھی، والدین کی مخالفت کے باوجود شمشاد بیگم گلوکاری پر بضد ہوئیں اور پردے میں رہ کر گانے کی شرط پر فن کی محفل میں قسمت آزمانے پہنچ گئیں۔ اور پھر پہلے پہلے پیار کی طرح آنکھوں میں خمار بھر کر شمشاد بیگم جادو نگری میں کھو گئیں۔

(جاری ہے)

شمشاد بیگم پردے میں ہی رہیں مگر ان کی آواز کا سہارا لیکر بہت سی نگاہوں نے بہت ہی خوب نشانے لگائے، بہت سی نظروں نے ٹھیک ٹھیک تیر چلائے۔ شمشاد بیگم وہ تھیں جن کا اندازایک زمانے تک لتا منگیشکر اورآشا بھوسلے نے اپنایا۔ پھر وہ وقت بھی آیا جب شمشاد بیگم کے گیت ریمکس ہو کر نئی نسل کی تفریح کا سامان کرتے رہے۔2009ء میں شمشاد بیگم کو پدما بھوشن ایوارڈ دیا گیا، وہ والد سے وعدے کے مطابق شوبز کی چکا چوند سے دور ہی رہیں مگر ان کی آوازکا جادو آج بھی سرچڑھ کر بول رہا ہے۔
وقت اشاعت : 23/04/2018 - 13:49:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :