استاد بڑے غلام علی خان کی 50 ویں برسی منائی گئی

پیر 23 اپریل 2018 17:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) استاد بڑے غلام علی خان کی 50 ویں برسی پیر کو منائی گئی۔ استاد بڑے غلام علی خان پٹیالہ گھرانے سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی کلاسیکی گلوکار تھے۔ اپنے کمال فن کے باعث آپ کو متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ بڑے غلام علی خان قصور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد علی بخش خان، مغربی پنجاب کے ایک موسیقار گھرانے سے تعلق رکھنے والے مشہور گلوکار تھے۔

پانچ سال کی عمر میں خان صاحب نے اپنے چچا کالے خان سے سارنگی اور صداکاری سیکھنا شروع کی۔

(جاری ہے)

وہ پٹیالہ گھرانے ہی سے تعلق رکھنے والے استاد اختر حسین خان اور استاد عاشق علی خان کے شاگرد بھی تھے۔ کولکتہ میں اپنے پہلے ہی کنسرٹ کے بعد وہ گلوکار کی حیثیت سے مشہور ہو گئے۔ آپ نے 1960ء میں فلم مغل اعظم کیلئے دو گیت گائے جو راگ سوہنی اور راگ رنگیشری پر مبنی تھے۔ استاد بڑے غلام علی خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ اور 1962ء میں پدم بھوشن سے نوازا گیا۔آخری ایام میں طویل عرصہ کی علالت نے انہیں جزوی طور پر مفلوج کر دیا تھا۔ 1968ء میں بشیر باغ پیلس، حیدرآباد میں خان صاحب انتقال کر گئے۔

وقت اشاعت : 23/04/2018 - 17:16:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :