نیول افسر کی وردی کی نیلامی پر اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ مشکل میں

عمل مسلح افواج کے جذبات کی توہین ہے ، بھارت کے حاضر و ریٹائرڈ آرمی افسران نے قانونی نوٹس بھجوادیا

جمعرات 10 مئی 2018 21:06

نیول افسر کی وردی کی نیلامی پر اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ مشکل میں
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) بولی وڈ اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کو فلم رستم کے نیول افسر کی وردی کی نیلامی کے حوالے سے حاضر سروس اور ریٹائرڈ آرمی افسران کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا سامنا کرنا پڑ گیا۔نوٹس میں اداکاروں پر الزام عائد کیا گیا کہ یونیفارم کی نیلامی کے عمل سے انہوں نے بھارتی مسلح افواج کے جذبات کی توہین کی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ اکشے کمار اور ان کی اہلیہ کی جانب سے یہ عمل ملکی مفاد اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، جبکہ دعوی کیا گیا کہ ان کے اس عمل نے مسلح افواج کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان کا بھی دل دکھایا ہے۔نوٹس میں مزید بتایا گیا کہ آج تک مسلح فوج کے کسی بھی یونیفارم کی نیلامی نہیں کی گئی، اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی بھی فوجی کو اس یونیفارم پر ملک کے صدر کی جانب سے زندگی بھر کے لیے اعزاز (بیجز) ملتے ہیں، جسے وہ اپنی پوری زندگی فخر سے پہنتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ قانونی نوٹس سالٹ سکاٹ نامی کمپنی کو بھی بھجوایا گیا، جہاں اس یونیفارم کی نیلامی کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ یونیفارم پر رکھی یہ نیلامی رواں ماہ 26 تاریخ تک جاری رہے گی، جبکہ اب تک نیلامی میں لگائی جانے والی بولی 30 لاکھ روپے سے زائد ہوچکی ہے۔قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ اس نیلامی کو فوری طور پر روک دیں، البتہ ایسا نہ کرنے پر ان دونوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔یاد رہے کہ اکشے کمار کی فلم رستم 1959 کے ہندوستانی بحریہ افسر کے ایم ناناوتی کی اصل زندگی سے متاثر تھی جنہوں نے اپنی بیوی کے عاشق کا قتل کردیا تھا۔۔
وقت اشاعت : 10/05/2018 - 21:06:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :