پریانکا چوپڑا زندگی کے یادگارلمحات پرکتاب لکھیں گی

اپنی زندگی کے سفراوراپنے محسوسات کولفظوں میں ڈھالنے کیلئے تیار ہوں ،ْ کتاب حقائق اور مزاح سے بھرپور ہوگی ،ْپریانکا

بدھ 20 جون 2018 17:20

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) سابق ملکہ حسن اورنامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اپنی زندگی کے اتار چڑھاؤ اور خوبصورت لمحات کو یادگار بنانے کیلئے اپنی سوانح حیات لکھیں گی۔گزشتہ چند برسوں میں بالی ووڈ میں اداکاروں کی جانب سے ان کی زندگی پرمبنی کتاب لکھنے کا سلسلہ زورپکڑگیا ،ْ گزشتہ برس اداکار رشی کپورنے اپنی زندگی پر کتاب لکھی تھی جبکہ اداکار نوازالدین صدیقی بھی اپنی سوانح حیات لکھ چکے ہیں جس میں ایک خاتون کے ساتھ تعلقات کے انکشاف پرانہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھااور اب اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنی زندگی کے واقعات پر مبنی کتاب لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کانام ’ان فنشڈ‘ ہوگا اوریہ کتاب اگلے سال بھارت، امریکا اوربرطانیہ میں ایک ساتھ پبلش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پریانکا چوپڑا کا کتاب لکھنے کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے سفراوراپنے محسوسات کولفظوں میں ڈھالنے کیلئے تیارہیں، ان کی کتاب حقائق اورمزاح سے بھرپورہوگی جب کہ اس میں وہ اپنی زندگی کے بولڈ واقعات بھی بیان کریں گی جب وہ 17 سال کی عمر میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ ہوئی تھیں اورمس ورلڈ کا خطاب جیتا تھا۔پریانکا نے کہا میں ہمیشہ سے اپنے آپ میں سمٹ کر رہنے والی لڑکی ہوں اور اپنی زندگی کے واقعات دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا پسند نہیں کرتی لیکن اب میں اپنے ڈر اور کہانی کوبیان کرنے کیلئے تیار ہوں اورامید کرتی ہوں خاص طور پر خواتین میری کہانی سے متاثر ہوں گی۔

انہوں نے کہا خواتین ہمیشہ کہتی ہیں کہ ہمارے پاس سب کچھ نہیں ہے، ہمیں سب کچھ چاہئے اورمیرا یقین ہے سب کے پاس سب کچھ ہوتا ہے جو میں ثابت کرسکتی ہوں۔پریانکا چوپڑا کی کتاب بھارت کا معروف پبلشنگ ہاؤس پینگوئن رینڈم ہاؤس پبلش کرے گا جس نے حال ہی میں بھارت کے لیجنڈ موسیقار اے آر رحمان کی سوانح حیات بھی پبلش کرنے کااعلان کیا ہے۔
وقت اشاعت : 20/06/2018 - 17:20:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :