تحریک انصاف کا انتخابات کیلئے آفیشل گانا ’’اب صرف عمران خان ‘‘گلوکار فرحان سعید کی آواز میں ریلیز

پی ٹی آئی ایک تصور ہے جس کا وقت آگیا ہے،گانے کی تیاری پر مجھے فرحان سعید پر فخر ہے‘چیئرمین عمران خان

جمعہ 6 جولائی 2018 23:16

تحریک انصاف کا انتخابات کیلئے آفیشل گانا ’’اب صرف عمران خان ‘‘گلوکار فرحان سعید کی آواز میں ریلیز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کا انتخابات کیلئے آفیشل گانا ’’اب صرف عمران خان ‘‘گلوکار فرحان سعید کی آواز میں ریلیز کردیا گیا۔یہ گانا پی ٹی آئی نے اپنی انتخابی مہم 2018ء کے لیے جاری کیا ہے جس میں ملک کے حالات کو اجاگر کرتے ہوئے تبدیلی کی نوید سنائی گئی ہے۔اس گانے میں مثبت تبدیلی کے لیے آواز اٹھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ ’’بلے‘‘پہ نشان لگانے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا، بے روزگاری ختم ہوگی اور بجلی، پانی اور دیگر مسائل حل ہوجائیں گے۔

گانے میں ملک کے نوجوانوں کو ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب نہ تو کوئی بھوکا سوئے گا اور نہ ہی تعلیم سے محروم ہوگا۔یہ گانا 3 منٹ 48 سیکنڈز پر مشتمل ہے جسے اب تک متعدد افراد دیکھ چکے ہیں اور شیئر بھی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فرحان سعید کو انتخابی مہم گانے پر خوب سراہا اور کہا کہ ہمارے نوجوان تحریک انصاف کا مرکز ہیں، اس گانے کی تیاری پر مجھے فرحان سعید پر فخر ہے، جو انصاف کی تحریک کے لیے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ایک تصور ہے، جس کا وقت آگیا ہے۔ دوسری جانب فرحان سعید نے بھی اپنے جوابی پیغام میں کپتان کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ آپ نے جو کچھ بھی کیا پاکستان اس پر شکر گزار ہے، خاص طور پر جس طرح آپ نے نوجوانوں کو نئے پاکستان کی امید دی، اس کے لیے شکریہ۔
وقت اشاعت : 06/07/2018 - 23:16:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :