لیاری میں جاگیرداروں کی پارٹی کا مقابلہ کرنے آیا ہوں،جواد احمد

اگلے بلدیاتی انتخابات میں پورے ملک سے امیدوار کھڑے کریں گے،چیئرمین برابری پارٹی کی پریس کانفرنس

جمعرات 12 جولائی 2018 18:32

لیاری میں جاگیرداروں کی پارٹی کا مقابلہ کرنے آیا ہوں،جواد احمد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) برابری پارٹی پاکستان کے چیئرمین اور معروف گلوکار جواد احمد نے کہا ہے کہ لیاری میں جاگیرداروں کی پارٹی کا مقابلہ کرنے آیا ہوں ۔ لیاری ہم سب کا ہے ۔ امیر غریب کے لیے قانون سازی نہیں کر سکتا ۔ اگلے بلدیاتی انتخابات میں پورے ملک سے امیدوار کھڑے کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں ڈاکٹر شیراز خان ، کرامت علی اور حسن قدیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں قومی اسمبلی این اے 246 سے امیدوار ہوں ۔ لیاری کے مسائل وہی ہیں ، جو باقی کراچی اور پورے پاکستان کے ہیں لیکن کراچی اور خصوصاً لیاری میں ان مسائل کی شدت بہت زیادہ ہے۔ اس کی وجہ لیاری کی امن و امان کی صورت حال بھی ہے۔

(جاری ہے)

لیاری کے عوام پر اس کا اثر مزید بے روزگاری اور غربت کی صورت میں ظاہر ہوا ۔انہوںنے کہا کہ امن وامان کے مسئلے میں بہت سی قوتیں ملوث تھیں، جنہوں نے اپنے مفادات کے لیے عوام کو آپس میں لڑوایا ۔

نوجوانوں کی جرائم کے دلدل میں پھنسنے کی بڑی وجہ غربت تھی کیونکہ جہاں غربت ہوتی ہے ، وہاں لوگوں کو مشتعل کرنا بھی آسان ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امن وامان کی صورت حال کافی بہتر ہے ۔ ہمارا مقصد لیاری کے لیے تمام بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے۔ لیاری کے عوام کو صرف گلیاں پکی کرنے اور کچرا اٹھانے کے وعدے پر ووٹ نہیں دینا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ان انتخابات میں یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ روایتی قوتوں کے ہتھکنڈوں میں نہیں آئیں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ووٹ ڈالیں گے ۔ اس وقت صرف ہماری پارٹی ہے ، جو تمام انسانوں کے برابری کے حقوق کی بات کر رہی ہے اور تمام مافیا کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے۔ مستقبل میں پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی برابری پارٹی ہوگی کیونکہ یہ 99 فیصد لوگوں کی نمائندگی کرتی ہے ۔
وقت اشاعت : 12/07/2018 - 18:32:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :