فلم "لوڈ ویڈنگ "کی ریلیز کے لیے ZEEانٹرنیشنل اسٹوڈیو اور فلم والا پکچرز کے درمیان معاہدہ

فلم عید الاضحی پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی

پیر 16 جولائی 2018 18:20

فلم "لوڈ ویڈنگ "کی ریلیز کے لیے ZEEانٹرنیشنل اسٹوڈیو اور فلم والا پکچرز کے درمیان معاہدہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) فلم "لوڈ ویڈنگ"کے خالق فلم والا پکچرز نے اپنی نئی آنے والی فلم کی ریلیز کے لیے بین الااقوامی شہرت یافتہ اور ایشیا کے سب سے بڑے میڈیا ہاؤس ZEEانٹرنیشنل اسٹوڈیو سے شراکت داری کا اعلان کردیا، فلم "لوڈ ویڈنگ"عید الاضحی پر ریلیز کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان فلم والا پکچرز کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے ذریعے کیا گیا۔

فلم کے مرکزی کرداروں میں پاکستانی فلم انڈسٹری کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والی جوڑی فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات شامل ہیں، جبکہ فلم کی ہدایات نبیل قریشی نے دیں ہیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فلم والا پکچرز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر فضا علی میرزاکا کہنا تھا کہ پاکستانی سینما اور فلم والا پکچرز کے لیے اس سے بڑھ کر سنہری موقع اور کیا ہوگا کہ ہم فلم کو اس شراکت داری کے ذریعے نئی مارکیٹوں میں متعارف کرانے جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ زی انٹر نیشنل اسٹوڈیوپوری دنیا میں بہترین ساخت رکھنے والا ادارہ ہے، ان کے مطابق لوڈ ویڈنگ وہ پاکستانی فلم ہے جس کی نئی مارکیٹوں میں تشہیر اورریلیز کے لیے ایسے بڑے ریلیزنگ ادارے سے آفرکا آنا ایک اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

جس سے نہ صرف فلم کی بہترین پروموش میں مدد ملے گی بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو دنیا بھر کے سینماوں تک پہنچنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ فضا علی میر زا نے مزید بتایا کہ زی اسٹوڈیو انٹرنیشنل کی معاونت سے فلم ، امریکا، کنیڈا، یوکے، گلف ممالک، سنگاپور، ساوتھ افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، فجی اور ماریشئس سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کی جائے گی۔

اس موقع پر فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ فلم پہلے ہی اپنے پروموز اور پوسٹرز کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر کے شائقین کے درمیان پذیرائی حاصل کرنے میں کامیاب ہورہی ہے، امید ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر ریلیز ہونے سے مزید پذیرائی حاصل ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کی یہ فلم پاکستان میں بنائی گئی ہے، امید ہے ہماری انڈسٹری کے مداحوں سمیت دنیا بھر میں اسے مزید سراہا اور پسند کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 16/07/2018 - 18:20:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :