’لوڈ ویڈنگ‘ میں محسن عباس اداکاری نہیں کچھ اور کریں گے

بدھ 18 جولائی 2018 16:28

’لوڈ ویڈنگ‘ میں محسن عباس اداکاری نہیں کچھ اور کریں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2018ء) پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر پروڈیوسر فضا علی میرزا اور ہدایت کار نبیل قریبشی کی جلد ریلیز ہونے والی ایک اور فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کا بھی حصہ بن گئے تاہم وہ اس میں کوئی کردار ادا نہیں کررہے۔محسن عباس اس سے قبل نبیل قریشی کی فلم ’نامعلوم افراد‘ اور ’نامعلوم افراد 2‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

محسن نے آن لائن سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ فلم والا پلچرز کمپنی کے بینر تلے بننے والی ہر فلم کا حصہ بن چکے ہیں۔اداکار کا کہنا تھا کہ ’اصل میں فلم والا پلچرز نے جتنی بھی فلمیں بنائیں ہیں چاہے ان میں ایکٹر ان لا ہو، یا نامعلوم افراد 1 اور 2، میں نے ان سب ہی پروجیکٹس میں نبیل اور فضا کے ساتھ کام کیا، جیسے فلم ایکٹر ان لا میں میرا کوئی کردار نہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس فلم کے ایک گانے کے بول میں نے تحریر کیے تھے، میں شریک مصنف کے طور پر بھی کام کرتا آرہا ہوں، میں نے نامعلوم افراد ون اور ٹو میں بھی گانے کے بول تحریر کیے‘۔

(جاری ہے)

فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’اس فلم میں میں دوبارہ ان دونوں کے ساتھ کام کررہا ہوں، میں نے دو گانے تحریر کیے جبکہ ان میں سے ایک کی گلوکاری کی ہے، اس بار میں فلم میں اداکاری نہیں کررہا‘۔محسن کا کہنا تھا کہ ’جب بھی لوگ مجھ سے سوال کرتے ہیں کیا میں اس بار بھی نبیل کے ساتھ کام کررہا ہوں تو میرا جواب یہی ہوتا ہے کہ اگر میں آفیشل طور پر ان کی فلم کا حصہ نہیں، اس کے باوجود میں ہمیشہ نبیل کیساتھ کام کررہا ہوتا ہوں‘۔

واضح رہے کہ فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ اس سال عید الضحیٰ پر ریلیز ہوگی، جس میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔اس فلم کے پہلے ٹیزر کو چند روز قبل کیا تھا، جسے شائقین کی داد وصول ہوئی۔جبکہ جلد فلم کا پہلا ٹریلر بھی ریلیز ہوجائیگا۔
وقت اشاعت : 18/07/2018 - 16:28:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :