معروف پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کا کینیڈا میں پاکستانی پرچم کو بوسہ

حمزہ علی عباسی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 30 جولائی 2018 15:03

معروف پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کا کینیڈا میں پاکستانی پرچم کو بوسہ
کینیڈا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2018ء) : کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری نے ہم ایوارڈز 2018ء کا انعقاد کیا۔ فلمی ستاروں کی شرکت سے اس تقریب میں چار چاند لگ گئے۔ ہم ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لیے ریڈ کارپٹ پر آنے والے ستاروں کا کینیڈا میں پاکستانی نژاد شہریوں نے خوب استقبال کیا اور اپنے اپنے پسندیدہ آرٹسٹس کو دیکھ کر ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں جو سوشل میڈیا کی زینت بنی رہیں۔

ایسے میں پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی جب ہم ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لیے ریڈ کارپٹ پر آئے تو پاکستانیوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی کے ساتھ سیلفیاں بنوانا شروع کر دیں۔ اپنے ستاروں کو دیکھنے آئے پاکستانیوں نے اپنے ہاتھ میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی اُٹھا رکھا تھا جسے دیکھ کر حمزہ علی عباسی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور انہوں نے سبز ہلالی پرچم کو پکڑ کر اس پر بوسہ دیا۔

(جاری ہے)

صارفین کا کہنا تھا کہ حمزہ علی عباسی میں کوئی دکھاوا یا بناوٹ نہیں ہے بلکہ وہ ایک سچے محب وطن ہیں۔
ایک اور صارف نے کہا کہ حمزہ علی عباسی کی سبز ہلالی پرچم کو چُومنے کی تصویر انٹرنیٹ پرسب سے بہترین تصویر ہے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ حمزہ علی عباسی نے ایسا کر کے ہمارا سر بھی فخر سے بُلند کر دیا ہے۔

پاکستانی فلمسٹار حمزہ علی عباسی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا ، انہوں نے کہا کہ ہم ایوارڈز 2018ء نے پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر نئی راہیں کھولی ہیں۔ میں کینیڈا میں پاکستان اور ہمارے لیے نظر آنے والے پیار پر اللہ کا نے حد مشکور ہوں، ساتھ ہی انہوں نے نعرہ لگایا کہ پاکستان پوری دنیا میں زندہ باد۔

حمزہ علی عباسی کی جانب سے سبز ہلالی پرچم کو بوسہ دینے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئیں جسے صارفین نے بے حد پسند کیا اور حمزہ علی عباسی کے اس انداز کو خوب سراہا۔ حمزہ علی عباسی نے ہم ایوارڈز کے دوران اسٹیج پر آتے ہی شرکا کو نئے پاکستان کی مبارکباد بھی پیش کی۔ جس پر ایک صارف نے لکھا کہ مجھے اسی تقریر کا انتظار تھا۔
جبکہ ایک اور صارف نے حمزہ علی عباسی کو پاکستان کا فخر قرار دے دیا۔
وقت اشاعت : 30/07/2018 - 15:03:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :