فلم " لوڈ ویڈنگ "کا میوزک ریلیزکردیا گیا

جمعرات 2 اگست 2018 16:58

فلم " لوڈ ویڈنگ "کا میوزک ریلیزکردیا گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) فلم والا پکچرز اور جیوفلمز کے اشتراک سے بننے والی بلاک بسٹرفلم "لوڈ ویڈنگ "کا میوزک یکم اگست کو ریلیز کردیا گیا، فلم عید الاضحی پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم والا پکچرز کی پیش کردہ فلم کا میوزک زی میوزک کمپنی کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا ہے، جس میں ایک ویڈیو اور پانچ آڈیو گانے شامل ہیں، متعارف کرائے گئے ویڈیو ٹریک میں "رنگیا-- "کو شامل کیا گیا ہے، فلم کا میوزک معروف موسیقار شانی ارشد نے ترتیب دیا ہے، یاد رہے کہ شانی ارشد اس سے قبل ایکٹر ان لاء اور نامعلوم افراد جیسی سپر ہٹ فلموں کا میوزک بھی دے چکے ہیں۔

متعارف کرائے گئے فلم کے البم پر مشتمل تمام گانے خوبصورت دھنوں کے ساتھ بہترین شاعری پر مشتمل ہیں ، جنہیں پس پردہ گلوگاروں نے اپنی آواز سے مزید چارچاند لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

فلم کا ڈانس نمبر گانا ایک رومینٹک سانگ ہے، جسے سامعین ہر موڈ میں سن سکتے ہیں، جبکہ فلمی گانوں میں زیادہ تر پنجابی رنگ نمایاں ہے۔فلم کا ریلیز کردہ ویڈیو ٹریک کا گانا ایک رومینٹک سانگ ہے جسے فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات پر فلمایا گیا ہے، گانے میں دونوں ہی باصلاحیت فنکاروں نے گانے کے مزاج کے مطابق تاثرات دیتے ہوئے ڈانس پرفارم کیا ہے ، امید ہے دونوں کا رقص شائقین کے دل موہ لے گا۔

فلم کے ریلیز کردہ گانوں میں رنگیا، گڈ لک، منڈے لاہور دے، کوچ نہ کریں، اور فکیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر فلم والا پکچرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فضا علی میرزا کا کہنا تھا کہ لوڈ ویڈنگ ہماری پیش کی گئی گزشتہ تینوں فلموں سے مختلف اور اس کے گانوں میں بھی ثقافت کی عکاسی کی گئی ہے۔ امید کرتے ہیں کہ شائقین کو ہماری یہ کاوش یقینا پسند آئے گی، اور وہ اک بارپنجاب کے رنگوں میں کھو جائیں گے۔

اس موقع پر فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ فلم میں موسیقی کا استعمال ناگزیر ہے، اور اگر فلم کی کہانی کے ساتھ موسیقی بھی لاجواب ہوتو پھر فلم کو پذیرائی حاصل کرنے سے کوئی روک نہیں سکتا، فلم میں ایکٹرز سمیت تمام ہی عملے کی بھرپورمحنت اور لگن شامل ہے، امید ہے شائقین ثقافت سے بھرپور فلم کو دیکھنے کے لیے سینماوں کا رخ کریں گے اور ہماری اس کوشش کو سراہیں گے۔فلم عید الاضحی پر ڈسٹریبیوشن کلب کے تعاون سے پاکستان اور زی میوزک انٹرنیشنل کے تحت دنیا بھر میں 22اگست کو ریلیز کی جائے گی۔
وقت اشاعت : 02/08/2018 - 16:58:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :