ابھیشیک بچن کی فلم من مرضیاں مشکلات کا شکار

فلم سازوں نے سکھوں کے مذہبی جذبات کو نقصان پہنچایا ہے،سکھ برادری

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:51

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن کی نئی فلم من مرضیاں ریلیز کے چند روز بعد ہی قانونی شکنجے میں پھنس گئی۔انوراگھ کاشیاپ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں ابھیشیک بچن 2 سال بعد بالی ووڈ میں انٹری دے رہے ہیں تاہم فلم ان کے مداحوں کے دلوں میں وہ مقام حاصل نہیں کرسکی جس طرح امید کی جارہی تھی جب کہ فلم کی ناکامی کا غم ابھی کم نہیں ہوا تھا کہ بھارتی سکھ برادری نے فلم کے سامنے ایک اور دیوار کھڑی کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھ برادری نے مقبوضہ کشمیر کے ہائی کورٹ میں فلم من مرضیاں کے ہدایتکار انوراگ کاشیاپ کے خلاف درخواست دائر کی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ فلم میں ابھیشیک کو کئی بار پگڑی اتارتے ہوئے دکھایا گیا ہے جوکہ سکھ مذہب کی تضحیک ہے۔

(جاری ہے)

سکھ برادری نے درخواست میں یہ بھی کہا کہ فلم سازوں نے سکھوں کے مذہبی جذبات کو نہ صرف مجروح کیا بلکہ انہوں نے سکھوں کے اصولوں کو بگاڑنے کی بھی کوشش کی ہے جب کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا اس سے قبل بھی کئی فلموں میں سکھوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنے علاقے میں اس فلم کی نمائش کی بھرپور مخالفت کریں گے اور دنیا بھر میں موجود سکھوں سے درخواست بھی کرتے ہیں کہ سب متحد ہوکر اس فلم کے خلاف کھڑے ہو جائیں۔

وقت اشاعت : 20/09/2018 - 14:51:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :