تاریخ تناول پر مبنی دستاویزی فلم کی تقریب رونمائی جلسہ میں تبدیل

فرید خان تنولی کا ضلع تناول کے قیام کے متعلق قراراد جلد صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان

پیر 1 اکتوبر 2018 12:57

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2018ء) تاریخ تناول پر مبنی دستاویزی فلم کی تقریب رونمائی عالیشان جلسہ میں تبدیل ہو گئی۔ تقریب میں شریک سینکڑوں تناول قبائل نے ضلع تناول کے قیام کے حوالہ سے متفقہ قرارداد منظور کر لی۔ رکن صوبائی اسمبلی فرید خان تنولی نے بہت جلد صوبائی اسمبلی میں ضلع تناول کے قیام کے متعلق قراراد پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔

تقریب میں چیف آف تناول نوابزادہ صلاح الدین سعید، سابق صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن تنولی، رکن صوبائی اسمبلی فرید صلاح الدین تنولی، تنولی اتحاد کی تمام باڈیوں کے عہدیداران و ممبران سمیت تناول قبائل کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے تقریب رونمائی کو بڑے جلسہ عام میں تبدیل کر دیا۔ عہدیداران کا کامیاب پروگرام منعقد کرنے پر تنولی اتحاد ہری پور کی انتظامیہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان تنولی اتحاد ہری پورکے پلیٹ فارم پر تناول تاریخ کی گذشتہ 600 سالہ تاریخ پر مبنی ڈاکیومنٹری کی تقریب رونمائی ہری پور کے معروف شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈاکیومنٹری ملٹی میڈیا کے ذریعہ نشر کی گئی، سینکڑوں معززین اور تناول قبائل نے گہری دلچسپی سے تاریخ تناول کا جائزہ لیا اور اختتام پر ڈاکیومنٹری کے ڈائریکٹر جہانداد خان تنولی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

چار سالہ طویل جدوجہد اور سخت محنت کے بعد تاریخ تناول کی ڈاکیومنٹری تیار کی گئی۔ تقریب میں چیف آف تناول نوابزادہ صلاح الدین سعید تنولی، سابق صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن تنولی، ایم پی اے فرید صلاح الدین تنولی، آل پاکستان تنولی اتحاد کے مرکزی صدر حاجی صابر خان تنولی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری جمیل تنولی، تنولی اتحاد ہری پور کے سرپرست اعلیٰ حاجی حیات خان تنولی، چیف کوآرڈینیٹر سلیم خان تنولی، چیئرمین حاجی اکرم خان تنولی، صدر محمد نواز خان تنولی اور پریس سیکرٹری قاضی نثار احمد خان تنولی اور یوتھ ونگ کے مرکزی صدر خالد شاہین تنولی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

ڈاکیومنٹری کے ڈائریکٹر جہانداد خان تنولی نے تفصیلی بریفنگ دی۔ تقیب رونمائی میں تنولی اتحاد مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ضلع صوابی کے عہدیداران و ممبران سمیت تنولی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے تقریب رونمائی کو تاریخی جلسہ عام میں تبدیل کر دیا۔ تقریب میں تناول تاریخ پر تفصیلی خیالات کے ساتھ ساتھ ضلع تناول کے قیام کی متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس کے بعد رکن صوبائی اسمبلی نوابزاد فرید صلاح الدین نے قوم کو یقین دلایا کہ ضلع تناول کے قیام کے متعلق صوبائی اسمبلی میں بہت جلد قرارداد پیش کی جائی گی، ضلع تناول کے قیام تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تقریب رونمائی میں مختلف محکمہ جات کے افسران بالا، عوامی و سماجی حلقوں، بلدیاتی نمائندگان اور علاقہ تناول کے قبائل کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب میں شریک تمام مہمانان گرامی اور شرکاء نے کامیاب پروگرام کے انعقاد اور بہترین انتظامات پر تنولی اتحاد ہری پور کی جملہ ٹیم کی کارکردگی اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وقت اشاعت : 01/10/2018 - 12:57:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :