شادیوں کا سیزن شروع ‘ کپل شرما جلد اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کریں گے

نامور کامیڈین، میزبان اور اداکار کپل شرما بھی اپنے گرل فرینڈ گنی چتراتھ کے ساتھ شادی کرنے جارہے ہیں

منگل 23 اکتوبر 2018 12:42

شادیوں کا سیزن شروع ‘ کپل شرما جلد اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کریں گے
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے بولی وڈ کی کئی نامور جوڑیوں نے رواں سال کے آخر میں شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جہاں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ رواں سال 14 اور 15 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے وہیں دوسری جانب پریانکا چوپڑا بھی نک جونس کے ساتھ دسمبر میں شادی کررہی ہیں۔

اور اب رپورٹس ہیں کہ نامور کامیڈین، میزبان اور اداکار کپل شرما بھی اپنے گرل فرینڈ گنی چتراتھ کے ساتھ شادی کرنے جارہے ہیں۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کپل شرما بہت جلد خود اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کریں گے تاہم اداکار سے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ 12 دسمبر کو شادی کرنے والے ہیں۔کپل شرما نے اپنے دوستوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ دسمبر کے آغاز میں اپنے تمام کاموں سے فارغ ہوجائیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کپل شرما اور ان کے گھر والوں نے شادی کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں۔جبکہ کپل شرما کی شادی پنجابی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی عرصے سے ٹی وی سے غائب رہنے والے کپل شرما اب بہت جلد اپنے شو دی کپل شرما شو کے ساتھ واپسی کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ وہ ڈیڑھ ماہ بعد ممبئی واپس آئے ہیں اور جلد اپنے شو کے نئے سیزن کے ساتھ لوگوں کو ہنسانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں کپل شرما نے اپنی شادی کے حوالے سے بتایا کہ ’میری والدہ طویل عرصے سے چاہتی ہیں کہ میں جلد شادی کرلوں اور اچانک مجھے بھی اندازہ ہوا کہ اب عمر ہورہی ہے، پھر مجھے احساس ہوا کہ چند سالوں بعد کوئی مجھ سے شادی کرنا ہی نہ چاہے تو کیا ہوگا۔خیال رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں کپل شرما نے اپنی گرل فرینڈ گنی کا تعارف سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے کرایا تھا۔انہوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ یہ نہیں کہوں گا کہ گنی میری ساتھی ہے، وہ مجھے مکمل کرتی ہے، گنی میں تم سے بیحد پیار کرتا ہوں، سب اسقبال کریں۔
وقت اشاعت : 23/10/2018 - 12:42:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :