موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھا کر ان کو لاوارث چھوڑ دیا ہے ‘گلوکارہ سائرہ ارشد

تین ماہ میں زندگی کے کسی بھی شعبے میں بہتری آنے کی بجائے ابتر صورتحال نظر آرہی ہے ‘خصوصی گفتگو

پیر 17 دسمبر 2018 13:52

موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھا کر ان کو لاوارث چھوڑ دیا ہے ‘گلوکارہ سائرہ ارشد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) گلوکارہ سائرہ ارشد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھا کر ان کو لاوارث چھوڑ دیا ہے ،تین ماہ میں زندگی کے کسی بھی شعبے میں بہتری آنے کی بجائے ابتر صورتحال نظر آرہی ہے ۔انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کو سپورٹ کیا اور ووٹ بھی دیا مگر افسوس ہے کہ حکومت نے اپنے وعدوں پر عملی طورپر کوئی کام نہیں کیا اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے ۔

پہلے حکومتوں میں بھی ہمیں اسی طرح کی شکایتیں درپیش تھیں مگر تحریک انصاف کی حکومت سے توقع تھی کہ وہ برسر اقتدار آکر لوگوں کو روزگار دے گی مگر یہاں پر تو الٹی گنگا ہی بہہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم فنکار لوگ شادی بیاہ اور سالگرہ کی تقریب میں پرفارم کرتے تھے اور ہمارے ساتھ دس سے زیادہ سرندے اور کمپیئر ہوا کرتے تھے اور اب ایک گلوکار کے ساتھ گیارہ خاندان بے روزگار ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپیل ہے کہ وہ فنکاروں کے روزگار کے لئے مواقع پیدا کریں اور خاص طور پر وہ گلوکار جو شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں پرفارم کر کے اپنے گھر کا چولہا جلاتے تھے ان کے لئے تقریبات کے وقت میں دو گھنٹے اضافہ کیا جائے۔اگر ہمارے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو ہم بھی تحریک انصاف کی طرح اپنے حقوق کے لئے دھرنا دیں گے۔
وقت اشاعت : 17/12/2018 - 13:52:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :