پاکستانی اداکارہ تسمینہ شیخ سیاست کے میدان میں آگئیں ، برطانوی انتخابات کے امیدواروں میں شامل

جمعرات 7 مئی 2015 20:17

پاکستانی اداکارہ تسمینہ شیخ سیاست کے میدان میں آگئیں ، برطانوی انتخابات کے امیدواروں میں شامل

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء )مشہور پاکستانی ڈراموں "آنسو" اور "دیس پردیس" سے شہرت حاصل کرنے والی تسمینہ شیخ بھی برطانیہ میں ہونے والے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق تسمینہ احمد شیخ کنزرویٹو اور لیبر پارٹیز کی ایک سرگرم کارکن رہ چکی ہیں تاہم اب وہ اسکاٹش نیشنل پارٹی (ایس این پی) کی اہم امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ان کے مد مقابل لیبر پارٹی کے امیدوارگورڈن بینک اور اسکاٹش کنزرویٹو کے لیوک میٹرک الیکشن لڑ رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق تسمینہ احمد شیخ اوچل اور ساؤتھ پرتھ شائر سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، جہاں لیبر پارٹی کی اکثریت ہے تسمینہ گزشتہ برس بہت کم مارجن سے یورپی پارلیمنٹ کا حصہ بننے سے رہ گئی تھیں۔1970ء میں لندن میں پیدا ہونے والی تسمینہ شیخ ایڈنبرا میں پلی بڑھیں، پروڈیوسر ذوالفقار احمد شیخ کی اہلیہ تسمینہ فنکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسکاٹ لینڈ کی مشہور سیاسی شخصیت اور قانون دان بھی ہیں۔تاہم اب انھوں نے اداکاری چھوڑ کر اپنی تمام تر توجہ سیاست کی جانب مبذول کرلی ہے،ان کے 4 بچے ہیں۔

وقت اشاعت : 07/05/2015 - 20:17:21