گلوکارہ حمیرا ارشد کی طرف سے شوہر احمد بٹ سے خلع کے لئے دائر دعویٰ پر فریقین کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے

خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں ، نوٹس پہلی درخواست پر جاری کیا، ایک دو روز میں درخواست واپس لے لوں گی‘ حمیرا ارشد کا موقف

پیر 9 مئی 2016 18:42

گلوکارہ حمیرا ارشد کی طرف سے شوہر احمد بٹ سے خلع کے لئے دائر دعویٰ پر فریقین کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء)فیملی کورٹ نے نامور گلوکارہ حمیرا ارشد کی طرف سے شوہر احمد بٹ سے خلع کے لئے دائر دعویٰ پر فریقین کو کل (منگل ) کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا جبکہ گلوکارہ حمیرا ارشد نے طلاق کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی معاملہ نہیں ، ہم خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں ، عدالت نے نوٹس پہلی درخواست پر جاری کیا، ایک دو روز میں درخواست واپس لے لوں گی ۔

تفصیلات کے مطابق گلوکارہ حمیرا ارشد نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ شوہراحمد بٹ کے ساتھ اب ان کے معاملات مزید خراب ہوچکے ہیں، بارہا منت سماجت کے باوجود شوہر لڑائی جھگڑے سے باز نہیں آتے، پہلے بھی بچے کی خاطر تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر تعلقات بہتربنانے اور ظلم سہہ کر بھی زندگی گزارنے کی کوشش کی لیکن اب روز روز کے لڑائی جھگڑے کی وجہ سے شوہرکے ساتھ رہنا محال ہوگیا ہے اوران جھگڑوں کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دبا کا شکار ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

میں علیحدگی کے حصول کے لئے اپنا حق مہر بھی چھوڑنے کے لئے تیارہوں۔گزشتہ روز سول جج فیملی کورٹ جویریہ نے گلوکارہ حمیرا ارشد کی طرف سے دائر خلع کے دعویٰ پر فریقین کو آج ( منگل ) کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا ۔ دوسری جانب گلوکارہ حمیرا ارشد نے طلاق کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب میری احمد بٹ سے ناراضگی ہوئی تھی تو تب میں نے عدالت میں خلع کا دعویٰ کیا تھا مگر بعد ازاں خاندان کے بزرگوں اور دوستوں احباب کی کوششوں سے ہمارے درمیان صلح ہو گئی اور خلع کا معاملہ ختم ہو گیا مگر اس حوالے سے میں نے عدالت میں دی گئی درخواست واپس نہیں لی جس پر احمد بٹ کو عدالت کی طرف سے نوٹس ملا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے شوہر کے ساتھ ہنستی بستی زندگی بسر کرر ہی ہوں اور خلع والا معاملہ ختم ہو گیا ہے اور اپنے وکیل کے ذریعے آئندہ ایک دو روز میں عدالت میں خلع کے لئے دائر دعویٰ بھی واپس لے لوں گی ۔ انہوں نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی کہ میں اپنے شوہر احمد بٹ سے طلاق لے رہی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی معاملہ نہیں ، ہم میاں بیوی خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں اور میڈیا ذمہ داران سے درخواست ہے کہ وہ کسی خبر کو نشر کرنے سے پہلے دوسرے فریق سے بھی اس کا موقف ایک دفعہ ضرور معلوم کر لیا کریں ۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے سے مجھے اور میرے خاندان اور رشتہ داروں سمیت سب کو حیرت ہوئی ہے ۔

وقت اشاعت : 09/05/2016 - 18:42:14

Rlated Stars :