سلمیٰ آغا راج کپور کی قریبی رشتہ دار نکلیں

جمعہ 3 جون 2016 14:56

سلمیٰ آغا راج کپور کی قریبی رشتہ دار نکلیں

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 جون ۔2016ء) انڈیا نے فلم ’نکاح‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ سلمیٰ آغا کو حال ہی میں اورسیز سِٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کا کارڈ دیا ہے جس کی وجہ سے انڈیا میں ان کا قیام اور کام دونوں میں آسانی ہوگی۔برطانوی شہریت رکھنے والی سلمیٰ آغا او سی آئی کارڈ ملنے کے بعد اب بلا روک ٹوک انڈیا آ جا سکتی ہیں۔

سلمیٰ آغا کے مطابق ان کی کئی نسلیں بالی وڈ سے وابستہ رہی ہیں اور ان کا تعلق راج کپور کے خاندان سے ہے۔وہ بتاتی ہیں: ’فلموں میں یہ ہماری چوتھی نسل ہے۔ 30 کے عشرے میں جو سب سے پہلی ہیر رانجھا فلم بنی تھی اس میں میرے نانا جگل کشور مہرا نے رانجھا اور نانی نے ہیر کا کردار نبھایا تھا۔ میرے نانا پرتھوی راج کپور کے ماموں تھے۔

(جاری ہے)

پرتھوی راج کپور کی ماں اور میرے نانا سگے بہن بھائی تھے۔

وہ کہتی ہیں ’میری ماں نے مشہور فلم ’شاہ جہاں‘ میں کام کیا تھا جس میں ’جب دل ہی ٹوٹ گیا تو جی کے کیا کریں گے‘ جیسا مشہور نغمہ تھا۔ اب میری بیٹی نے فلم ’اورنگزیب‘ میں کام کیا ہے۔سلمیٰ آغا نے بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں کہا: ’میری ماں امرتسر میں پیدا ہوئی تھیں۔ میرے والد کا امرتسر میں ہی بار تھا۔ وہ ایرانی نڑاد تھے۔

میرا بچپن بھارت میں ہی گزرا لیکن تعلیم لندن میں حاصل کی۔ میرے والد خشک میووں کا کاروبار کرتے تھے۔ ان کا لندن آنا جانا لگا رہتا تھا۔ میرے نانا، ماں اور باپ کے پاس برطانوی پاسپورٹ تھا۔ میرے بچّے بھی برطانیہ میں پیدا ہوئے۔لوگوں میں یہ تاثر عام ہے کہ سلمیٰ آغا کا پاکستان سے زیادہ قریبی رشتہ رہا ہے تاہم سلمیٰ کہتی ہیں کہ انھوں نے پاکستانی فلموں میں تو کام کیا ہے لیکن وہ برطانیہ کی شہری ہیں۔

فلم ’نکاح‘ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے سلمیٰ نے بتایا کہ فلم کے نغمے ’دل کے ارماں آنسووٴں میں بہہ گئے‘ کے لیے انھیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔سلمیٰ آغا کی بیٹی ساشا آغا نے فلم ’اورنگزیب‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا ہے، جب کہ بیٹے کی ہالی وڈ میں جلد ہی انٹری ہونے والی ہے

وقت اشاعت : 03/06/2016 - 14:56:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :