فلم ”بابل “میں میرا کردار ”باغبان “ کی طرح یاد گار ہو گا‘میرے ادا کئے ہوئے کردار ہر ایک کیلئے مثال بن گئے ہیں‘میتابھ بچن

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 12:46

ممبئی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2006) بالی وڈ کے سپر سٹار اداکار امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ فلم ”کبھی الوداع نہ کہنا “کے بعد شائقین کو میری نئی فلم ”بابل “کا بے چینی سے انتظار ہے جس میں میرا کردار فلم ”باغبان “ کی طرح یاد گار ہو گا۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ میرے لئے ہر وہ کردار کشش رکھتا ہے جو میرے اندر ایک نئی تحریک پیدا کرے کہ یہ کردار فلم بینوں کے دل و دماغ کو متاثر کر سکتا ہو یا پھر ایسا کردار قبول کرتا ہوں جو میری سوچ اور فکر کے عین مطابق ہو۔

ایک انٹر ویو میں امیتابھ بچن نے کہا کہ اب مجھے عمر کے اس حصے میں اس بات کی بڑی خوشی ہوتی ہے کہ میرے ادا کئے ہوئے کردار ہر ایک کیلئے مثال بن گئے ہیں ۔ میں نے جہاں بہت سے فلم بینوں کو اپنے مفرد اور مختلف کرداروں کے ذریعے خوشی کے ان گنت لمحات فراہم کئے ہیں تو وہاں میں نے اپنے انہی کرداروں کے ذریعے معاشرے کے ان پہلوؤں کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے جن کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے لہذا میرے لئے میرا ہر کردار اہمیت رکھتا ہے جن پر بلا شبہ مجھے فخر بھی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں امیتابھ بچن نے کہا کہ فلم ”کبھی الوداع نہ کہنا “میں میرے کردار نے سبھی کو متاثر کیا ہے اور میں ہمیشہ ہدایتکار کرن جوہر کی تخلیقی صلاحیتوں کا مداح رہا ہوں وہ بڑے زبردست قسم کے ہدایتکار ہیں اور ان کی فلموں کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ وہ رشتوں کی ڈور کو مضبوطی کے ساتھ پکڑے رہنے کا درس دیتے ہیں ۔ جب کرن جوہر نے مجھے اس فلم کی پیشکش کی تھی تو میں ابھیشک بچن اور کرن جو ہر ایک دعوت میں شریک تھے اور جب کرن جوہر نے میرے کردار کی مزید وضاحت کی تو مجھے ایسا لگا کہ واقعی یہ کردار میرے علاوہ کوئی اور اداکار ادا کرنے سے قاصر ہو گا۔

یہاں ایک بات اور بھی بتادوں کہ اگر کرن جوہر اس کردار کو واضح بھی نہ کرتے تو پھربھی میں اس فلم میں کام کرتا کیونکہ کرن جوہر سے ہمارے خاندانی تعلقات ہیں اور اسی بناء پر میری خدمات ان کیلئے ہر وقت حاضر ہیں ۔
وقت اشاعت : 07/10/2006 - 12:46:53

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :