معروف قوال بدر میانداد کی10ویں برسی 2 مارچ کو منائی جائے گی

پیر 27 فروری 2017 15:37

معروف قوال بدر میانداد کی10ویں برسی 2 مارچ کو  منائی جائے گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) ملک کے معروف قوال بدر میانداد کی10ویں برسی 2 مارچ انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ فن گائیکی میں دنیا بھر میں منفرد مقام رکھنے والے استاد نصرت فتح علی خان مرحوم کے ماموں زاد بھائی اور میانداد قوال کے صاحبزادے و شیر میانداد قوال کے بھائی بدر میانداد قوال 17 فروری 1962ء کو پاکپتن میں پیدا ہوئے جہاں ان کے والدین نے قیام پاکستان کے بعد ہجرت کرکے رہائش اختیار کی تھی۔

ان کا گھرانہ کئی سو سال سے فن موسیقی سے وابستہ تھا۔ بدر میانداد قوال نے ریڈیو پاکستان ملتان سے ابتدائی طور پر گائیکی کا آغاز کیا جس کے بعد انہوں نے 45 سال کی مختصر عمر میں بے پناہ شہرت حاصل کی جبکہ ان کے 150 سے زیادہ البمز نے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی دھوم مچائے رکھی۔

(جاری ہے)

بدر میانداد کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ بہت سی بھارتی فلموں کیلئے بھی منتخب کئے گئے ان کے گانوں نے عالمی شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔

بدر میانداد جن کے البمز امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، بھارت اور یورپ میں بھی ریلیز ہو چکے ہیں، نے 27 برس تک فن قوالی میں نام پیدا کئے رکھا۔ بدر میانداد قوال عارضہ قلب اور اعصابی امراض میں مبتلا ہو نے کے بعد 2 مارچ 2007ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے تھے۔ ان کی برسی کے موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں فن قوالی کیلئے بدر میانداد کی طویل خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 27/02/2017 - 15:37:26